کراچی، شہر میں مختلف پولیس مقابلوں میں 2 زخمیوں سمیت 3 ڈاکو گرفتار

گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، چھینے گئے موبائل فونز، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد، پولیس



کراچی:

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے مبینہ مقابلوں کے بعد 2 زخمیوں سمیت 3 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، نقد رقم، موبائل فونز اور موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی۔

پولیس کے مطابق مومن آباد تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن بسم اللہ کالونی میں مشتبہ ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی اس دوران مبینہ مقابلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

گرفتار ملزم کی شناخت فضل خالق کے نام سے ہوئی ہے جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبضے سے اسلحہ، نقد رقم اور موبائل فون برآمد ہوا ہے۔

دوسری جانب درخشاں پولیس نے عربی محلے میں مبینہ مقابلے کے بعد 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا جن میں ایک زخمی بھی شامل ہے۔

پولیس کے مطابق زخمی ملزم راشد کو علاج کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ دوسرے گرفتار ملزم عمر کو تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، چھینے گئے موبائل فونز، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی ہے جبکہ ملزمان کے کریمنل ریکارڈ سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔