ایران کو یورینیئم افزودگی کا پورا حق حاصل ہے؛ روس کا دوٹوک مؤقف

امریکا اور ایران جس حل پر متفق ہوں گے ہم اُس کی حمایت کریں گے، سرگئی لارووف


ویب ڈیسک May 18, 2026
فوٹو: فائل

روس نے کہا ہے کہ ایران کو پُرامن مقاصد کے لیے یورینیم افزودہ کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ بات روسی وزیر خارجہ سرگئی لارووف نے دارالحکومت ماسکو میں پریس کانفرنس کے دوران کہی۔

انھوں نے یاد دلایا کہ ایران جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے کا رکن ہے اس لیے بین الاقوامی قوانین کے تحت اسے سول اور پُرامن مقاصد کے لیے یورینیم افزودگی کا حق حاصل ہے۔

روسی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں فریقین جس حل پر متفق ہوں گے ہم اُس کی حمایت کریں گے۔

روس نے گزشتہ برسوں میں بھی ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے نسبتاً نرم مؤقف اختیار کیا اور وہ 2015 کے جوہری معاہدے کی بحالی کی حمایت کرتا رہا ہے۔

خیال رہے کہ امریکا اور اسرائیل مسلسل مؤقف اختیار کرتے رہے ہیں کہ ایران کی یورینیم افزودگی مستقبل میں جوہری ہتھیار بنانے کی صلاحیت فراہم کرسکتی ہے۔

ایران ہمیشہ اس الزام کی تردید کرتا آیا ہے اور کہتا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام صرف بجلی پیدا کرنے، طبی تحقیق اور سائنسی ترقی کے لیے ہے۔