ایران نے آبنائے ہرمز پر کنٹرول کیلیے باضابطہ ادارہ بنالیا؛ سوشل میڈیا پر بھی انٹری

ایران نے مئی کے آغاز میں ’’پرشیئن گلف اسٹریٹ اتھارٹی‘‘ قائم کی تھی


ویب ڈیسک May 18, 2026
ایران کے آبنائے ہرمز پر کنٹرول کے ادارے نے اب سوشل میڈیا پر بھی محاذ سنبھال لیا

ایران نے اعلان کیا ہے کہ اب سے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تمام جہازوں کو پیشگی اجازت لینا ہوگی بصورت دیگر ان کی آمد و رفت غیرقانونی سمجھی جائے گی اور سخت کارروائی ہوگی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے نئے قائم کردہ ادارے ’’پرشیئن گلف اسٹریٹ اتھارٹی‘‘ ویب سائٹ ایکس پر اپنا باضابطہ اکاؤنٹ بنالیا۔

جس پر جاری اپنے پہلے بیان میں ادارے نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے مخصوص حدود میں داخل ہونے والے تمام بحری جہازوں کے لیے ایرانی مسلح افواج اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطہ اور اجازت لازمی ہوگی۔

بیان میں خبردار کیا گیا کہ اجازت کے بغیر گزرنے والے جہاز غیرقانونی تصور کیے جائیں گے اور سخت کارروائی کی جائے گی۔

یاد رہے کہ ایران نے مئی کے آغاز میں ’’پرشیئن گلف اسٹریٹ اتھارٹی‘‘ قائم کی تھی جس کا مقصد آبنائے ہرمز میں بحری آمد و رفت کو منظم کرنا، جہازوں کے لیے اجازت نامے جاری کرنا اور سیکیورٹی نگرانی بڑھانا ہے۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق نئے نظام کے تحت ہر جہاز کو سفر سے قبل ایک تفصیلی فارم جمع کرانا ہوگا، جس میں جہاز کی ملکیت، عملے کی قومیت، سامان کی نوعیت، انشورنس اور منزل سمیت چالیس سے زائد معلومات فراہم کرنا لازمی ہوں گی۔

اطلاعات ہیں کہ بعض جہازوں سے ایرانی کرنسی میں فیس یا ضمانت طلب کیے جانے کی بھی بات کی جا رہی ہے۔