بھارتی گینگسٹر گولڈی برار کینیڈا کا نمبر ون مطلوب ملزم قرار، گرفتاری پر بھاری انعام

حکام کے مطابق ملزم کی تلاش کے لیے بین الاقوامی سطح پر کوششیں جاری ہیں۔


ویب ڈیسک November 20, 2026

کینیڈا نے بھارتی نژاد گینگسٹر گولڈی برار کو ملک کے 25 انتہائی مطلوب مفرور ملزمان کی فہرست میں پہلے نمبر پر رکھتے ہوئے گرفتاری میں مدد دینے پر ڈھائی لاکھ کینیڈین ڈالر انعام کا اعلان کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق کینیڈا کے عوامی تحفظ کے پروگرام ’بولو‘ نے گولڈی برار کی گرفتاری کے لیے عوام سے معلومات فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

گولڈی برار، جن کا اصل نام ستندرجیت سنگھ ہے، ستمبر 2023 میں کینیڈا کے شہر ونی پیگ میں سکھدول سنگھ گل کے قتل کے مقدمے میں مطلوب ہیں۔

پولیس نے فروری 2026 میں گولڈی برار اور ان کے ایک ساتھی کے خلاف قتل اور قتل کی سازش کے الزامات میں وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

دوسری جانب امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے بھی گولڈی برار کو انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل کرتے ہوئے گرفتاری میں مدد دینے پر 10 لاکھ امریکی ڈالر انعام مقرر کر رکھا ہے۔

حکام کے مطابق ملزم کی تلاش کے لیے بین الاقوامی سطح پر کوششیں جاری ہیں۔