آئرلینڈ کی یونیورسٹی نے اسرائیلی ادارے سے تعلقات منقطع کر لیے

یونیورسٹی نے یورپی کمیشن کے مالی تعاون سے جاری Asterisk نامی تحقیقی منصوبے سے دستبرداری کا اعلان کیا


ویب ڈیسک November 20, 2026

آئرلینڈ کی ایک یونیورسٹی نے فلسطین میں جاری جنگ اور اسرائیلی کارروائیوں کے خلاف احتجاج اور دباؤ کے بعد اسرائیلی ادارے کے ساتھ اپنے تعلیمی و تحقیقی تعلقات ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یونیورسٹی کے اس اقدام کو اسرائیل کے ساتھ علمی، تحقیقی اور ادارہ جاتی تعاون کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ اس فیصلے کے پس منظر میں فلسطین کی صورتحال اور اسرائیلی پالیسیوں پر بڑھتی ہوئی تنقید شامل ہے۔

آئرلینڈ کی یونیورسٹی آف گیلوے نے اسرائیلی ٹیکنالوجی ادارے ٹیکنیون (Technion) کی شمولیت پر احتجاج اور مسلسل دباؤ کے بعد یورپی یونین کے ایک تحقیقی منصوبے سے علیحدگی اختیار کرلی ہے، جس کے نتیجے میں اسرائیلی ادارے کے ساتھ اس کی شراکت داری بھی ختم ہوگئی ہے۔ 

یونیورسٹی نے یورپی کمیشن کے مالی تعاون سے جاری Asterisk نامی تحقیقی منصوبے سے دستبرداری کا اعلان کیا۔ اس منصوبے کا مقصد سمندری پانی سے ماحول دوست ہائیڈروجن ایندھن تیار کرنے کی ٹیکنالوجی پر تحقیق کرنا تھا، جس میں اسرائیل کے ٹیکنیون انسٹیٹیوٹ سمیت متعدد یورپی تعلیمی و تحقیقی ادارے شریک تھے۔