واٹربورڈ نے بند کیے جانیوالے ہائیڈرنٹس دوبارہ کھولنا شروع کردیے

شاہ فیصل کالونی کے علاقے میں بند کیے جانے والے ہائیڈرنٹ کو کھول دیا گیا ہے.


Staff Reporter September 25, 2012
ناظم آباد میں واقع دو غیر قانونی ہائیڈ رنٹس کو مسمار کرکے 3 ملزمان کو گرفتارکرلیا

کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ ایک طرف توشہر کے تمام ہائیڈرنٹس بند کررہا ہے۔

غیرقانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف مہم چلارہا ہے جبکہ دوسری طرف واٹربورڈ کی انتظامیہ کی ہدایت پر بند کیے جانے والے ہائیڈرنٹس کھولے جانے کا عمل بھی شروع ہوگیا ۔

واٹربورڈ کی انتظامیہ کی ہدایت پر شاہ فیصل کالونی کے علاقے میں بند کیے جانے والے ہائیڈرنٹ کو کھول دیا گیا ہے، توقع کی جارہی ہے کہ رفتہ رفتہ دیگر بند کیے جانے والے ہائیڈرنٹس بھی کھول دیے جائیں گے۔

دوسری طرف واٹربورڈ کی طرف سے جاری کیے جانے والے اخباری اعلامیے کے مطابق واٹربورڈ نے شدید مزاحمت کے باوجود ناظم آباد میں واقع دو غیر قانونی ہائڈ رنٹس کو مسمار کر دیا ۔

واٹر بورڈ اور پولیس اہلکاروںپر شدید پتھرائو اور فائرنگ کر نیوالے تین ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا جبکہ پاپوش نگر پولیس نے13 ملزمان کیخلاف اقدام قتل، پولیس مقابلہ اور پانی کی چوری کے الزام میں مقدمہ الزام نمبر 68/2012 درج کرلیا ہے۔

ایم ڈی واٹر بورڈ مصباح الدین فریدکی ہدایت پر ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر علی محمد پلیجو کی نگرانی میں چیف انجینئر بلک افتخار احمد اور سپر نٹنڈنگ انجینئر آصف قادری کی سر براہی میں واٹر بورڈ نے ناظم آباد میں واقع ریلوے لائن سے متصل عبداللہ اور لیاقت نامی ملزمان کے غیر قانونی ہائڈ رنٹس کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا۔

اس دوران ڈپٹی کمشنر سینٹرل ڈاکٹر سیف الرحمان، اسسٹنٹ کمشنر ناظم آباد شیخ محمد رفیق ،ڈی ایس پی سی آئی اے رائو اسلم اور ایس ایچ او پاپوش نگر بھی مو جود تھے ، کارروائی کا آغاز ہو تے ہی ملزمان نے پولیس اور واٹر بورڈکے عملے پر پتھرائو شروع کر دیا اور ہوائی فائرنگ کر کے خوف و ہراس پھیلا دیا، اس دوران ڈپٹی کمشنر سینٹرل ڈاکٹر سیف الرحمان کی ہدایت پر مزید پولیس فورس طلب کی گئی۔

پو لیس نے تین ملزمان اختر ولد گل محمد ،الطاف ولد بخت رحمان اور ضیاء اللہ ولد سید محمد کو گرفتار کر لیا جبکہ دس ملزمان عبداللہ ، لیاقت، طیمت خان،صدیق خان،نثار خان ، ایوب خان، نعیم خان ، عتیق اللہ ، عطاء الرحمان اور سمیع اللہ خان فائرنگ کر تے ہوئے فرار ہوگئے۔