کراچی؛ نوکری کا جھانسہ دے کر خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزمان گرفتار

پولیس نے چھاپہ مار کارروئی کے دوران مرکزی ملزم اور اس کے 3 ساتھیوں کو گرفتار کرلیا، ترجمان ایس ایس پی انوسٹی گیشن


منور خان May 23, 2026
فوٹو: فائل

ملیر انویسٹی گیشن پولیس نے خواتین کو نوکری کا جھانسہ دے کر انہیں زیادتی کا نشانہ بنانے والے جنسی درندے کو دیگر 3 ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا جن کے حوالے سے بتایا گیا کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے معصوم اور مجبور لڑکیوں کو اپنے جھانسے میں پھنسا کر انہیں اپنی ہوس کا نشانہ بنانے میں ملوث رہا ہے۔

ترجمان ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈسٹرکٹ ملیر ماجدہ پروین ہالیپوٹو کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ انویسٹی گیشن پولیس نے ملیر کینٹ تھانے میں درج مقدمے کی تفتیش کے دوران کامیاب چھاپہ مار کارروائی کے دوران سوشل میڈیا کے ذریعے لڑکیوں کو نوکری کا جھانسہ دے کر انہیں زیادتی کا نشانہ بنانے والے منظم گروہ کے مرکزی ملزم کو اس کے دیگر 3 ساتھیوں کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان کے مطابق تفتیشی ٹیم نے تکنیکی بنیادوں اور خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاعات پر مرکزی ملزم عامر علی کو گرفتار کیا تاہم مزید چھاپہ مار کارروائی کے دوران اس کے دیگر 3 ساتھیوں محمد زین، نعمان خان اور سعید کو بھی گرفتار کرلیا۔

انہوں نے بتایا کہ گرفتار مرکزی ملزم کے موبائل فون سے حاصل شواہد سے انکشاف ہوا کہ ملزم اب تک 17 سے 18 معصوم اور مجبور لڑکیوں کو اپنی ہوس کا نشانہ بنا چکا ہے اور اس نے اعتراف بھی کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مرکزی ملزم عامر علی ایک شاطر اور عادی جرائم پیشہ ہے جو کہ ابراہیم حیدری، میمن گوٹھ، سعود آباد اور عوامی کالونی تھانے میں ڈکیتی اور زیادتی کے متعدد مقدمات میں بھی مطلوب تھا جبکہ متاثرہ لڑکی نے بھی مرکزی ملزم کو شناخت کرلیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم کے دیگر ساتھیوں سمیت دیگر وارداتوں کے حوالے سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔