روس کا یوکرین پر خوفناک ہائپر سونک حملہ، کیف دھماکوں سے لرز اٹھا

روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ حملے لوہانسک ریجن میں ایک اسکول ہاسٹل پر مبینہ یوکرینی حملے کے جواب میں کیے گئے


ویب ڈیسک May 24, 2026

روس نے ایک بار پھر یوکرین پر بڑے پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملے کرتے ہوئے دارالحکومت کیف اور اہم شہر اوڈیسا کو نشانہ بنایا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حملوں میں ہائپر سونک اور بیلسٹک میزائلوں کا بھی استعمال کیا گیا جس کے باعث مختلف علاقوں میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

رپورٹس کے مطابق روسی حملوں کے دوران کیف کے کئی علاقوں میں فضائی حملے کے سائرن بجتے رہے جبکہ شہری بڑی تعداد میں محفوظ مقامات اور انڈر گراؤنڈ میٹرو اسٹیشنز میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے۔

حکام کے مطابق حملوں کے نتیجے میں مختلف عمارتوں کو نقصان پہنچا جبکہ ہلاکتوں اور زخمیوں سے متعلق تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کی گئیں۔

روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ حملے لوہانسک ریجن میں ایک اسکول ہاسٹل پر مبینہ یوکرینی حملے کے جواب میں کیے گئے۔

روس نے الزام عائد کیا ہے کہ یوکرین کے حملے میں 21 افراد ہلاک اور 63 زخمی ہوئے تھے۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے واقعے کے بعد فوج کو سخت جواب دینے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی تھی۔

دوسری جانب یوکرین نے روسی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماسکو بے بنیاد دعوؤں کو جواز بنا کر یوکرینی شہروں پر حملے کر رہا ہے۔

یوکرینی حکام نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ روسی کارروائیوں کا نوٹس لیا جائے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے جائیں۔