مودی کے قافلے کے روٹ سے دھماکا خیز مواد برآمد، 6 پولیس اہلکار معطل

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد فوری طور پر سکیورٹی مزید سخت کردی گئی


ویب ڈیسک May 25, 2026

بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کے قافلے کے روٹ کے قریب دھماکا خیز مواد برآمد ہونے کے معاملے میں تحقیقات کے بعد 6 پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ 10 مئی کو بنگلور کے علاقے کگلپورا میں پیش آیا، جہاں نریندر مودی ایک تقریب میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔

رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کی آمد سے قبل سکیورٹی اداروں کی جانب سے معمول کی چیکنگ اور کلیئرنس آپریشن جاری تھا کہ اسی دوران قافلے کے روٹ کے قریب سے جیلاٹن اسٹکس برآمد ہوئیں، جو عموماً دھماکا خیز مواد میں استعمال کی جاتی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد فوری طور پر سکیورٹی مزید سخت کردی گئی جبکہ ابتدائی تحقیقات میں غفلت برتنے پر 6 پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔

بھارتی پولیس کے مطابق اس معاملے کی تفصیلی تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ دھماکا خیز مواد وزیراعظم کے قافلے کے راستے تک کیسے پہنچا اور آیا اس کے پیچھے کوئی منظم یا دانستہ کارروائی تھی یا نہیں۔

واقعے کے بعد بھارتی سیاسی اور سکیورٹی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے جبکہ وزیراعظم کی سکیورٹی انتظامات پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔