لاہور:
پراپرٹی ڈیلر کی لاش ملنے کا معما حل ہوگیا۔ پولیس نے کرایہ دار خاتون کو آشنا کے ساتھ مل کر قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
کوٹ لکھپت پولیس نے پراپرٹی ڈیلر کے قتل کے مقدمے میں خاتون سمیت 3ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایچ او کوٹ لکھپت نے اپنی ٹیم کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ نسیم، اس کے آشنا ساجد اور اویس کو حراست میں لیا اور مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔
پولیس کے مطابق 2 روز قبل کوٹ لکھپت پولیس کو 15 پر کال موصول ہوئی کہ چندرائے روڈ پر نامعلوم شخص کی لاش کو بوری میں بند کر کے جلانے کی کوشش کی گئی ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس پہنچی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کیا گیا، جہاں اس کی شناخت 50 سالہ اشرف کے نام سے ہوئی۔
تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ مقتول اشرف پراپرٹی ڈیلر تھا اور اس نے ملزمہ کو شاداب کالونی میں کرایے پر گھر دلوا رکھا تھا، جبکہ مقتول کی کچھ رقم بھی ملزمہ کی جانب ادھار تھی۔ خاتون کے بیان کے مطابق مقتول اسے نازیبا ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کرتا تھا۔ 50 سالہ اشرف نے ملزمہ اور اس کی بیٹی کی نازیبا ویڈیوز بنا رکھی تھیں۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن کے مطابق ملزمہ نے اپنے آشنا اور ساتھی کے ساتھ مل کر پراپرٹی ڈیلر اشرف کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔ ملزمان نے ہفتے کے روز اشرف کو بلا کر اسے نشہ آور گولیاں کھلائیں اور پھر قتل کر دیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو لاش بوری میں بند کر کے لے جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ بعد ازاں ملزمان نے چندرائے روڈ کے قریب لاش پر پٹرول ڈال کر آگ لگا کر جلانے کی کوشش کی، تاہم راہگیر کے شور مچانے پر وہ موقع سے فرار ہو گئے تھے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قانون کو ہاتھ میں لینے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔