سوشل میڈیا نوجوانوں کیلئے سگریٹ نوشی جتنا خطرناک قرار!

ڈاکٹرز ایک ایسی نسل دیکھ رہے ہیں جو آن لائن دنیا کے زیرِ اثر آکر انتہا پسندی کی طرف مائل ہو رہی ہے: رپورٹ


ویب ڈیسک May 27, 2026

ایک نئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا نوجوانوں کی صحت کے لیے ’سگریٹ نوشی جتنا خطرناک‘ ہے۔

برطانوی حکومت کی جانب سے ’گروئینگ اپ اِن دی آن لائن ورلڈ‘ مشاورت منگل کے روز ختم ہوئی۔ اس مشاورت میں کم عمر صارفین پر آسٹریلیا کی طرز کی سوشل میڈیا پابندی، ایپس کے استعمال کے اوقات محدود کرنے اور نشہ آور فیچرز پر قدغن جیسے اقدامات زیرِ غور آئے۔

اس مشاورت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں اکیڈمی آف میڈیکل رائل کالجز نے خبردار کیا کہ ڈاکٹرز ایک ایسی نسل دیکھ رہے ہیں جو آن لائن دنیا میں نفرت انگیز، ذہنی طور پر تباہ کن اور انتہائی لت لگانے والے مواد کے زیرِ اثر آکر انتہا پسندی کی طرف مائل ہو رہی ہے۔

اکیڈمی کے 454 ڈاکٹروں پر کیے گئے سروے کے مطابق تقریباً نصف ڈاکٹرز نے ہر ہفتے کم از کم ایک ایسے بچے کا علاج کیا تھا جس کی ذہنی تکلیف یا جسمانی چوٹ براہِ راست آن لائن مواد سے جڑی ہوئی تھی۔