وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیے کے صدر رجب طیب ایردوان کو فون کرکے عید الاضحیٰ کی مبارک باد دی اور گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری سمیت دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے آج ترکیے کے صدر رجب طیب ایردوان سے عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر ٹیلیفونک گفتگو کی اور اس دوران وزیراعظم نے ترک قیادت اور برادر ترک عوام کو عید الاضحیٰ کی مبارک باد پیش کی اور صدر اردوان نے نہایت خلوص کے ساتھ جواب دیا۔
بیان میں بتایا گیا کہ اپنی حالیہ ملاقاتوں، بالخصوص گزشتہ اپریل میں انطالیہ میں ہونے والی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان تاریخی، آزمودہ اور برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ حالیہ اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں میں کیے گئے اہم فیصلوں پر تیزی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، خصوصاً تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر توجہ دی جائے گی۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری امن کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان کی قیادت میں جاری امن اقدام کے لیے ترکیہ کی مضبوط اور مستقل حمایت پر صدر اردوان کا شکریہ ادا کیا، دونوں رہنماؤں نے خطے میں مذاکرات، استحکام اور کشیدگی میں کمی کے ذریعے امن کے فروغ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
صدر طیب اردوان نے 24 مئی کو بلوچستان میں ٹرین پر ہونے والے افسوس ناک بم دھماکے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں میں ترکیہ ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے یک جہتی اور ہمدردی کے اظہار پر ترک صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی ہر شکل کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔