اسحاق ڈار کی سلامتی کونسل مباحثے کے دوران مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے اہم ملاقاتیں

پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دفاعی تعاون، توانائی اور ایل این جی شعبے میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا


ویب ڈیسک May 26, 2026
فوٹو: فائل

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اوپن مباحثے کے موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے نیویارک میں مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے اہم ملاقاتیں کیں جہاں دوطرفہ تعلقات، عالمی امن، اقتصادی تعاون اور اقوام متحدہ کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پراک سوکھون سے ملاقات میں پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا اور دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

اسحاق ڈار نے سلامتی کونسل کے اوپن مباحثے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں کے تحفظ اور اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیحون بایراموف سے بھی ملاقات کی جس میں پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دفاعی تعاون، توانائی اور ایل این جی شعبے میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے ترجیحی تجارتی معاہدے اور ٹرانزٹ ٹریڈ فریم ورک سے اقتصادی فوائد بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

مزید بتایا گیا کہ اسحاق ڈار نے کوسٹاریکا کے وزیرخارجہ مانویل تووار رویرا سے ملاقات میں پاکستان اور کوسٹا ریکا کے تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا اور اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے عہدے کے لیے کوسٹا ریکا کی امیدوار ریبیکا گرینسپین بھی شریک تھیں۔

اسی دوران نائب وزیراعظم نے خاویر مارٹینیز آچا واسکیز سے ملاقات میں پاکستان اور پاناما کے درمیان سیاسی اور اقتصادی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سوگیونو سے ملاقات میں پاکستان اور انڈونیشیا کے برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور اعلیٰ سطح کے تبادلے جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔