اسلام آباد:
وزیراعظم شہباز شریف نے کویت پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کویتی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے اپنی مخلصانہ سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
وزیراعظم نے کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران حملوں میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان ہر مشکل گھڑی میں اپنے برادر ملک کویت کے ساتھ کھڑا ہے۔
شہباز شریف نے اس موقع پر خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان قیامِ امن کیلئے مسلسل سفارتی رابطے کر رہا ہے۔
انہوں نے پاکستان کی امن کوششوں کی حمایت پر کویت سمیت دیگر برادر ممالک اور ان کی قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا۔
کویتی ولی عہد نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ کویت پاکستان کی سفارتی کوششوں اور امن اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں استحکام کیلئے پاکستان کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
وزیراعظم نے امن مذاکرات کو آگے بڑھانے کیلئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سفارتی کاوشوں کو بھی سراہا اور کہا کہ پاکستان خطے میں دیرپا امن کیلئے ہر ممکن کردار ادا کرتا رہے گا۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم نے کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کیلئے نیک تمناؤں اور احترام کا اظہار کیا جبکہ کویتی ولی عہد نے بتایا کہ امیرِ کویت بھی وزیراعظم پاکستان کیلئے نیک جذبات رکھتے ہیں اور امن کی کوششوں میں پاکستان کی کامیابی کے خواہاں ہیں۔
کویتی ولی عہد نے وزیراعظم شہباز شریف کو کویت کے دورے کی دعوت بھی دی جبکہ وزیراعظم نے امیرِ کویت اور ولی عہد کو پاکستان کے دورے کی دعوت کا اعادہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔