شہباز شریف کا گورنر سندھ نہال ہاشمی کو فون، حج کی سعادت اور عیدالاضحیٰ پر مبارکباد

حج جیسی عظیم سعادت کا حصول اللہ تعالیٰ کا خاص کرم ہے، وزیر اعظم


ویب ڈیسک May 28, 2026

کراچی:

وزیراعظم شہباز شریف نے گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے انہیں فریضۂ حج کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور عیدالاضحیٰ کی دلی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے گفتگو کے دوران گورنر سندھ کی خیریت دریافت کی اور ان کے اہلِ خانہ کیلئے بھی نیک تمناؤں کا پیغام دیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ حج جیسی عظیم سعادت کا حصول اللہ تعالیٰ کا خاص کرم ہے اور دعا کی کہ یہ عبادت ان کیلئے باعثِ خیر و برکت بنے۔

گورنر سندھ نہال ہاشمی نے وزیراعظم کی جانب سے مبارکباد اور نیک خواہشات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ ایثار، قربانی اور بھائی چارے کا پیغام دیتی ہے، اور اس موقع پر قوم کو اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

ٹیلی فونک گفتگو خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں باہمی خیرسگالی اور نیک تمناؤں کا تبادلہ بھی کیا گیا۔