کراچی:
عید کے دوسرے روز شہر قائد میں موسم شدید گرم و مرطوب ہے جبکہ صوبے بھر میں شدید ہیٹ ویو کی کیفیت بھی برقرار ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 29.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد رہا۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے جبکہ موسم گرم اور مرطوب رہے گا اور کبھی کبھار تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 31 مئی تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں درمیانی سے شدید ہیٹ ویو کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔
اس دوران سکھر، شکارپور، قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، موہن جو دڑو، دادو، شہید بینظیر آباد، گھوٹکی، خیرپور اور نوشہرو فیروز میں درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک تجاوز کرسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ تھرپارکر، بدین، حیدر آباد، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، عمرکوٹ، میرپورخاص، جامشورو اور سانگھڑ کے اضلاع میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔