اسلام آباد:
صدر مملکت آصف علی زرداری نے آذربائیجان کے صدر الہام علیئوف، حکومت اور عوام کو یومِ آزادی پر مبارکباد کا پیغام دیا ہے۔
اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان آزادی حاصل کرنے کے ساتھ ہی گہرے برادرانہ تعلقات قائم ہیں، جن کی بنیاد مشترکہ عقیدے، ثقافتی ورثے اور اقدار پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران دونوں ممالک کے تعلقات ایک مضبوط شراکت داری میں تبدیل ہوچکے ہیں، جس کی اساس باہمی اعتماد، مفاہمت اور قومی مفادات کے معاملات پر ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کے عوام صدر الہام علیئوف کی دوراندیش قیادت میں آذربائیجان کی سماجی و اقتصادی ترقی، یکجہتی اور خوشحالی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان کثیرالجہتی تعاون، بالخصوص دوطرفہ تجارت، توانائی، دفاعی تعاون اور عوامی سطح پر وفود کے تبادلوں میں وسعت لانے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ بھی کیا۔
صدر مملکت نے آذربائیجان کے عوام کے امن اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔