کراچی؛ پڑوسیوں کے درمیان جھگڑا، فائرنگ سے باپ بیٹا جاں بحق

فائرنگ کے واقعے میں زخمی شخص کو اسپتال منتقل کر دیا گیا


ویب ڈیسک May 29, 2026

کراچی:

بلدیہ ٹاؤن رشید آباد عالم روڈ پر پڑوسیوں کے درمیان جھگڑے کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں باپ بیٹا موقع پر جاں بحق ہوگئے، پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے واقعے میں ملوث ایک مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق جمعے کو بلدیہ ٹاوؑن تھانے کے علاقے بلدیہ ٹاؤن رشید آباد عالم روڈ گلزار حبیب مسجد کے قریب جھگڑے کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں باپ بیٹا موقع پر جاں بحق ہوگئے جن کی لاش قانونی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کی گئیں۔

فائرنگ کے واقعے کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو بھی موقع پر طلب کرلیا۔ فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے باپ کی شناخت 40 سالہ سر بلند خان ولد فرید خان اور بیٹے کی شناخت 18 طلحہٰ ولد سربلند کے نام سے کی گئی۔

ایس ایچ اوبلدیہ ٹاؤن زاہد حسین نے ایکسپریس کو بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ دو پڑوسیوں کے درمیان جھگڑے کے دوران پیش آیا، ایک سال قبل بھی دونوں پڑوسیوں کے درمیان رشتہ کے تنازع پر جھگڑا ہوا تھا اور جھگڑے کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں انس نامی نوجوان جاں بحق ہوگیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے میں ملوث مرکزی ملزم کے پی کے فرار ہوگیا تھا، ملزم کا تعلق مقتولین باپ بیٹے سے تھا، واقعے کا مقدمہ بلدیہ ٹاؤن تھانے میں مفرور ملزم اور مقتولین کے خلاف درج کیا گیا تھا۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ جمعہ کو دونوں پڑوسیوں کے درمیان اسی تنازع کو لیکر دوبارہ جھگڑا ہوا اور جھگڑے کے دوران فائرنگ سے باپ بیٹا جاں بحق ہوگئے۔

پولیس افسر نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع پر پولیس بروقت پہنچی اور فوری کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے واقعے میں ملوث ایک مرکزی ملزم زبیر کو گرفتار کرلیا جبکہ 2 سے 3 ملزمان اسلحہ سمیت موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ایس ایچ او پولیس نے جائے وقوع سے متعدد مشکوک افراد کو بھی حراست میں لے لیا ہے جن سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

 

عید کے موقع پر سیاچن کے برف پوش محاذ سے پاک فوج کے جوانوں کا خصوصی پیغام

عید الاضحیٰ کے موقع پر سیاچن کے برف پوش محاذ سے پاک فوج کے جوانوں نے قوم کے نام خصوصی پیغام دیا ہے۔

عید الاضحیٰ کے موقع پر دنیا کے بلند ترین اور دشوار گزار محاذ سیاچن گلیشیئر پر تعینات پاک فوج کے بہادر جوان ہر دم تیار اور مستعد ہیں۔

سیاچن کے دشوار گزار پہاڑوں پر موجود پاک فوج کے بہادر جوانوں نے اہل وطن کو عید الاضحیٰ کی خصوصی مبارکباد پیش کی۔

پاک فوج کے جوانوں نے عید الاضحیٰ کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا کہ جب پوری قوم عید کی خوشیاں منا رہی ہوتی ہے تو ہم سیاچن کی برف پوش چوٹیوں پر وطن کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت چوکس ہیں۔ سخت سردی، ٹھنڈی ہواؤں اور برف پوش بلند پہاڑوں کے درمیان ملک کی حفاظت کیلئے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عیدِ قربان ہمیں ایثار، قربانی اور مادر وطن پر جان نچھاور کرنے کا درس دیتی ہے۔ ہمیں سبز ہلالی پرچم کی حرمت جان سے بڑھ کر ہے، دشمن کی ہر جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

جوانوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ عید کے موقع پر ملک کے امن، سلامتی اور پاک فوج کیلئے خصوصی دعاؤں کا بھی اہتمام کریں۔