کراچی: پانی کی فراہمی اور انفراسٹرکچر منصوبوں پر اہم اجلاس، ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بھی شریک

واٹر میٹرنگ، کچی آبادیوں میں شہری ترقیاتی کاموں، واٹر کارپوریشن میں اصلاحات اور منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا


ویب ڈیسک May 29, 2026

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کراچی میں پانی کی فراہمی، انفراسٹرکچر منصوبوں اور کے فور (K-IV) آگمنٹیشن سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگابازار نے شرکت کی۔

اجلاس میں واٹر میٹرنگ، کچی آبادیوں میں شہری ترقیاتی کاموں، واٹر کارپوریشن میں اصلاحات اور جاری منصوبوں کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں صوبائی وزراء ناصر حسین شاہ، جام خان شورو، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف اور چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ بھی شریک تھے، جبکہ ورلڈ بینک کے وفد میں مختلف شعبوں کے اعلیٰ حکام شامل تھے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی کی بڑھتی ہوئی آبادی کے لیے پانی کا مؤثر انتظام اور شفاف گورننس ناگزیر ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسٹریٹجک منصوبوں کی بروقت تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت جاری منصوبوں کی تکمیل کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی اور ورلڈ بینک کے اشتراک سے کراچی میں پانی کی فراہمی کا جدید اور پائیدار نظام قائم کیا جائے گا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ کے فور منصوبہ کراچی کے مستقبل کے پانی کے تحفظ کے لیے انتہائی اہم ہے، اس لیے منصوبے کی راہ میں حائل تمام انتظامی اور تکنیکی رکاوٹیں فوری دور کی جائیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منصوبوں کی نگرانی اور مسائل کے حل کے لیے ہر 15 روز بعد جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ 4 ہزار 333 کنزیومر میٹرز کی تنصیب کا پلان حتمی شکل دے دی گئی ہے جبکہ تمام صارفین کے میٹرز جون 2027 تک نصب کر دیے جائیں گے۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ سسٹم میٹرز کے لیے درکار 212 چیمبرز میں سے 150 تعمیر کیے جا چکے ہیں، جبکہ باقی چیمبرز کی نشاندہی نان ریونیو واٹر کنسلٹنسی ٹیم کرے گی۔

حکام نے اجلاس کو بتایا کہ کے فور آگمنٹیشن کے لیے بائیڈنگ دستاویزات ورلڈ بینک کو جمع کرا دی گئی ہیں، جبکہ 2.7 کلومیٹر مشترکہ کوریڈور پر کام دوبارہ شروع ہو چکا ہے۔

اجلاس میں عیسیٰ نگری اور سوبھا نگر میں جاری شہری ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ کے مطابق عیسیٰ نگری میں پانی کے ذخیرہ ٹینک اور نالوں کی صفائی کا کام جاری ہے، جبکہ سوبھا نگر میں پیور بلاکس کا منصوبہ جون 2026 تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔

اجلاس میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج سروسز امپروومنٹ پروجیکٹ (KWSSIP-II) کے تحت اضافی فنڈز، ادارہ جاتی اصلاحات اور مختلف اہم اسامیوں پر بھرتیوں کے عمل پر بھی غور کیا گیا۔