راولپنڈی: پولیس اہلکاروں نے مسیحی نوجوان پر فائرنگ کردی، ڈولفن فورس کے 4 اہلکارمعطل

صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے راولپنڈی میں مسیحی نوجوان پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔


ویب ڈیسک May 29, 2026

صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے راولپنڈی میں مسیحی نوجوان پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر رمیش سنگھ اروڑہ نے سی پی او راولپنڈی سے فوری رابطہ کیا۔

سی پی او راولپنڈی نے مسیحی نوجوان پر فائرنگ میں ملوث ڈولفن فورس کے 4 اہلکاروں کو معطل کر دیا۔ صوبائی وزیر کی ہدایت پر اے سی سٹی ڈاکٹر ایما ظفر اور کوارڈینیٹر برائے وزیر اقلیتی امور ویسل صدیق گل نے رات گئے بے نظیر بھٹو اسپتال میں زخمی نوجوان کی عیادت کی۔

ایم ایس ڈاکٹر شرجیل سرفراز احمد شیخ کا زخمی نوجوان کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا گیا۔ صوبائی وزیر کی جانب سے زخمی نوجوان کو صحتیابی کے لیے نیک تمنائیں بھی پہنچائی گئیں جبکہ زخمی نوجوان اور اہل خانہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور صوبائی وزیر اقلیتی امور کا شکریہ ادا کیا۔

رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پنجاب حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ قانون سے بالاتر کوئی نہیں، غفلت یا اختیارات کے ناجائز استعمال پر سخت کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ زخمی نوجوان بے نظیر اسپتال میں زیر علاج ہے جبکہ اقلیتی برادری سمیت ہر شہری کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ واقعے کی شفاف انکوائری جاری ہے اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔