کورین بینڈ ’بی ٹی ایس‘ نے ٹیلر سوئفٹ سمیت بڑے ستاروں کو پیچھے چھوڑ دیا

لازمی فوجی سروس مکمل کرنے کے بعد گروپ کی سرگرمیوں کی بحالی کے ساتھ ہی بی ٹی ایس نے ایک اہم اعزاز اپنے نام کر لیا


ویب ڈیسک May 30, 2026

عالمی شہرت یافتہ کورین میوزک گروپ بی ٹی ایس نے ایک بار پھر اپنی مقبولیت کا لوہا منواتے ہوئے امریکی موسیقی کی دنیا کے بڑے بڑے ناموں کو پیچھے چھوڑ دیا۔

لازمی فوجی سروس مکمل کرنے کے بعد گروپ کی سرگرمیوں کی بحالی کے ساتھ ہی بی ٹی ایس نے ایک اہم اعزاز اپنے نام کر لیا ہے، جس پر دنیا بھر میں موجود اس کے مداح خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔

لاس ویگاس میں منعقد ہونے والے امریکن میوزک ایوارڈز کی تقریب میں بی ٹی ایس نے سب سے نمایاں کیٹیگری ’’آرٹسٹ آف دی ایئر‘‘ میں کامیابی حاصل کی۔ اس ایوارڈ کے لیے موسیقی کی دنیا کے کئی بڑے اور مقبول فنکار نامزد تھے، تاہم بی ٹی ایس تمام حریفوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ اعزاز جیتنے میں کامیاب رہا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اسی کیٹیگری میں عالمی شہرت یافتہ امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ بھی شامل تھیں، جو امریکن میوزک ایوارڈز کی تاریخ میں سب سے زیادہ ایوارڈز جیتنے والی فنکارہ سمجھی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ سبرینا کارپینٹر، بیڈ بنی، ہیری اسٹائلز، لیڈی گاگا اور دیگر معروف ستارے بھی نامزد امیدواروں میں شامل تھے، لیکن فیصلہ بی ٹی ایس کے حق میں آیا۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

بی ٹی ایس کی اس کامیابی کو اس لیے بھی خاص اہمیت دی جا رہی ہے کیونکہ گروپ کے ارکان گزشتہ چند برسوں سے جنوبی کوریا کے لازمی فوجی سروس پروگرام میں مصروف تھے۔ 2022 میں گروپ کے تمام اراکین، جن میں آر ایم، جن، شوگا، جے ہوپ، وی، جنگ کوک اور جمن شامل ہیں، مرحلہ وار فوجی ذمے داریاں نبھانے کے لیے موسیقی کی سرگرمیوں سے دور ہو گئے تھے۔

فوجی سروس کی تکمیل کے بعد گروپ نے نہ صرف دوبارہ اکٹھے ہو کر موسیقی کی دنیا میں قدم رکھا بلکہ 20 مارچ کو اپنا نیا البم بھی جاری کیا، جسے مداحوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔ اس کے ساتھ ساتھ دنیا کے مختلف ممالک میں بی ٹی ایس کے کنسرٹس کا سلسلہ بھی دوبارہ شروع ہو چکا ہے۔

تازہ کامیابی نے ثابت کر دیا ہے کہ طویل وقفے کے باوجود بی ٹی ایس کی عالمی مقبولیت میں کوئی کمی نہیں آئی۔ یہی وجہ ہے کہ ’’آرٹسٹ آف دی ایئر‘‘ کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد سوشل میڈیا پر گروپ کے مداحوں، جنہیں ’’بی ٹی ایس آرمی‘‘ کہا جاتا ہے، نے جشن منانا شروع کر دیا ہے اور اپنے پسندیدہ بینڈ کی اس شاندار واپسی کو تاریخی قرار دے رہے ہیں۔