لیگ میں خراب کارکردگی، اہم ٹیم کا منیجر فارغ

آرنے سلاٹ نے گزشتہ برس لیورپول کو ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا


ویب ڈیسک May 30, 2026

انگلش پریمیئر لیگ کی سابق چیمپئن ٹیم لیورپول نے پریمیئر لیگ ٹائٹل کے انتہائی مایوس کن دفاع کے بعد آرنے سلاٹ کو برطرف کر دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق بورنماؤتھ سے رخصت ہونے والے کوچ اینڈونی ایراؤلا اب ان کے جانشین بننے کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔

مرزی سائیڈ کلب نے سیزن کے آخری دن برینٹفورڈ کے خلاف 1-1 ڈرا کھیل کر بمشکل چیمپئنز لیگ کی کوالیفکیشن حاصل کی تھی اور 47 سالہ آرنے سلاٹ کو اینفیلڈ میں ہونے والے سیزن کے اختتامی جائزے کے بعد اس ناکامی کی قیمت چکانا پڑی۔

ڈچ کوچ نے گزشتہ سیزن میں یورگن کلوپ کی جگہ سنبھالنے کے بعد حیران کن انداز میں لیورپول کو پریمیئر لیگ کا چیمپئن بنایا تھا۔ مگر اس بار ٹیم کی ٹائٹل کے دفاع کی مہم کافی مایوس کن رہی اور پانچویں پوزیشن پر ختم ہوئی، جس کے بعد کلب کی بااثر شخصیات نے نئی سمت اختیار کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

کلب کے بیان میں کہا گیا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ فیصلہ کلب انتہائی مشکل تھا۔

کلب نے مزید کہا کہ آرنے نے لیورپول کے لیے اپنے مختصر دور میں جو خدمات انجام دیں، وہ نہایت اہم، بامعنی اور سب سے بڑھ کر کامیاب رہیں، جس کی قدر ہم اور ہمارے مداح دونوں کرتے ہیں۔