وائٹ ہاؤس انتظامیہ نے ڈونلڈ ٹرمپ کی صحت اور فٹنس سے متعلق طبی رپورٹ جاری کردی۔
خبرایجنسی کے مطابق وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری رپورٹ میں امریکی صدر کی صحت کو بہترین اور انہیں مکمل طور پر فٹ قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں لکھا گیا ہے کہ ٹرمپ بہترین صحت کے حامل ہیں اور بطور کمانڈر اِن چیف اپنی تمام ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے مکمل طور پر فِٹ ہیں۔
وائٹ ہائوس کی جانب سے جاری رپورٹ میں لکھا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ کی دل، پھیپھڑوں، اعصابی نظام اور مجموعی جسمانی کارکردگی مضبوط اور صحت مند ہے جبکہ ذہنی اور جسمانی صلاحیتیں بدستور بہترین سطح پر ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ٹرمپ کی ٹانگوں کے نچلے حصے میں معمولی سوجن دیکھی گئی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں کم ہو چکی تاہم ہاتھوں پر سوجن کے نشانات بار بار مصافحہ کرنے اور اسپرین کے استعمال کے باعث ہیں جو غیر سنجیدہ طبی کیفیت ہے۔
جامع طبی معائنے میں دل کے اسکین، کینسر اسکریننگ اور مختلف ماہرین کی جانب سے کیے گئے تفصیلی جائزے شامل کیے گئے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کا طبی معائنہ والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سنٹر میں کیا گیا تھا۔