اٹلی کے جنوبی علاقے میں 4 پاکستانی زرعی مزدوروں کو جلاکر قتل کردیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کالابریا کے زرعی علاقے میں واقع امیندولارا گاؤں میں پیٹرول پمپ کے قریب جلی ہوئی منی وین ملی، فائر فائٹرز نے آگ بجھانے کے بعد گاڑی کے اندر سے چار افراد کی لاشیں برآمد کیں۔
رپورٹ کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ دو افراد نے منی وین کے دروازے باہر سے بند کیے اور اندر مائع مادہ پھینکنے کے بعد آگ لگا دی جس کے بعد وہ موقع سے فرار ہوگئے۔
مقامی پولیس چیف نے واقعے کو قتل قرار دیتے ہوئے کہا کہ کیس کی مزید تفصیلات معلوم کی جا رہی ہیں۔ پولیس نے اس کیس میں 2 پاکستانی شہریوں کو گرفتار کرلیا۔
میڈیا کے مطابق حالیہ مہینوں میں اسی علاقے میں پاکستانیوں کو لے جانے والی گاڑیوں کو جلانے کے 14 واقعات پیش آ چکے ہیں جن کی وجہ مہاجرین کے درمیان کھیتی باڑی کے کام، رہائش اور قانونی دستاویزات پر تنازعات کو قرار دیا جا رہا ہے۔