امریکی کانگریس میں ٹرمپ کی فوجی کارروائی کے اختیارات محدود کرنے کی قرارداد منظور

چار ریپبلکن ارکان نے بھی اپنی جماعت کی پالیسی سے ہٹ کر قرارداد کے حق میں ووٹ دیا


ویب ڈیسک June 04, 2026

واشنگٹن:

امریکی ایوانِ نمائندگان نے ایک اہم قرارداد منظور کرلی ہے جس کا مقصد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یکطرفہ فوجی کارروائی کے اختیارات کو محدود کرنا ہے۔

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ قرارداد ڈیموکریٹک ارکان نے پیش کی تھی جسے ایوان میں 215 ووٹوں کی حمایت جبکہ 208 ووٹوں کی مخالفت کے ساتھ منظور کیا گیا۔

ووٹنگ کے دوران چار ریپبلکن ارکان نے بھی اپنی جماعت کی پالیسی سے ہٹ کر قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔

منظور کی گئی قرارداد میں واضح کیا گیا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی عسکری کارروائی یا جنگی اقدام کے لیے کانگریس کی پیشگی منظوری درکار ہوگی اور انتظامیہ اکیلے اس نوعیت کا فیصلہ نہیں کرسکے گی۔

سیاسی مبصرین کے مطابق یہ پیش رفت امریکی قانون سازوں میں بڑھتی ہوئی بے چینی کی نشاندہی کرتی ہے جہاں ایران سے متعلق پالیسی پر اختلافات صرف اپوزیشن تک محدود نہیں رہے بلکہ حکمران ریپبلکن پارٹی کے بعض ارکان بھی تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔

کانگریس کے متعدد اراکین کا کہنا ہے کہ آئین کے تحت جنگ شروع کرنے یا فوجی کارروائی کی اجازت دینے کا اختیار بنیادی طور پر قانون ساز ادارے کے پاس ہے اس لیے ایسے معاملات میں کانگریس کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔