تعلیمی شعبے میں انقلابی قدم: پرائمری اسکول جینڈر فری قرار، یونیفارم کی شرط بھی ختم

جینڈر فری قرار دینے کے اقدام کے تحت بچے اور بچیاں بنیادی تعلیم ایک ہی اسکول میں حاصل کر سکیں گے


ویب ڈیسک June 04, 2026

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیرِ صدارت تعلیم، صحت اور امن و امان سے متعلق جائزہ اجلاس میں تعلیمی شعبے میں اصلاحاتی اقدامات کی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس میں بلوچستان کے تمام فعال سرکاری اسکولوں سے ٹاٹ اور دری کلچر ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ہر اسکول میں طلبہ کے بیٹھنے کے لیے ڈیسک فراہم کرنے کے ساتھ ریڈنگ اور رائٹنگ میٹریل متعارف کرانے کی منظوری بھی دی گئی۔

اجلاس میں پرائمری سطح کے تمام اسکولوں کو جینڈر فری قرار دینے، صوبے کے 900 سرکاری اسکولوں میں دو شفٹوں میں تدریسی عمل شروع کرنے اور پرائمری سطح تک اسکول یونیفارم کی شرط ختم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اس اقدام کے تحت بچے اور بچیاں بنیادی تعلیم ایک ہی سکول میں حاصل کر سکیں گے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ آئندہ سال تک بلوچستان کے 3 ہزار سنگل روم سکولوں میں اضافی کمرے اور ڈیسک فراہم کر دیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ بلوچستان کا کوئی بھی بچہ اب فرش پر ٹاٹ بچھا کر تعلیم حاصل نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی معیار کا جائزہ لینے کے لیے دور دراز، پہاڑی اور میدانی علاقوں کے اسکولوں کے اچانک دورے بھی کیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقررہ مدت کے بعد اگر کوئی بچہ فرش، ٹاٹ یا دری پر بیٹھا نظر آیا تو کارروائی کی جائے گی۔