کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین کیلئے بجلی مزید مہنگی، نوٹیفکیشن جاری

اضافی چارجز کی وصولی رواں ماہ کے بل کے ساتھ ہوگی، جون کے بل جاری ہوچکے ہوں تو اگلے ماہ کے بل میں شامل ہوں گے


ضیغم نقوی June 04, 2026
فوٹو: فائل

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے اپریل 2026 کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ ایک روپے 19 پیسے اضافہ کا فیصلہ کیا، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

نیپرا سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی صارفین سے فی یونٹ ایک روپے 19 پیسے اضافی وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اپریل 2026 کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ جون 2026 کے بلوں میں وصول کی جائے گی،

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بجلی کی قیمت میں ہونے والا یہ اضافہ کے-الیکٹرک اور سابق واپڈا ڈسکوز صارفین پر لاگو ہوگا۔

نیپرا نے کہا کہ قومی اوسط فیول چارج کمپوننٹ 8.2 روپے فی یونٹ مقرر کیا گیا، اپریل 2026 کا قومی اوسط فیول کاسٹ کمپوننٹ 9.4 روپے فی یونٹ رہا اور فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 1.19 روپے فی یونٹ اضافہ منظور کیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق لائف لائن صارفین پر اضافی چارج لاگو نہیں ہوگا، پری پیڈ صارفین، الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز بھی اضافی وصولی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ انکریمنٹل کنزمپشن پیکیج کے تحت استعمال شدہ یونٹس پر بھی فیول ایڈجسٹمنٹ لاگو ہوگا اور اپریل کے استعمال شدہ یونٹس کی بنیاد پر اضافی رقم وصول کی جائے گی۔

فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافہ چارجز کی وصولی رواں ماہ کی جائے گی تاہم جون کے بل جاری ہو چکے ہوں تو وصولی آئندہ بل میں شامل کی جا سکے گی۔