سالانہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی مہلت آج ختم ہوجائے گی جبکہ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اب تک 68 لاکھ سے زائد شہریوں نے ٹیکس ریٹرن فائل کردیے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف بی آر نے 2025-2026 کے سالانہ گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 30 ستمبر کو توسیع کرتے ہوئے 15 اکتوبر کی ڈیڈ لائن مقرر کی تھی۔
ذرائع ایف بی آر کے مطابق ٹیکس دہندگان کی جانب سے جمع کروائے جانے والے انکم ٹیکس گوشواروں کی تعداد 68لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ تاجروں،صنعت کار تنظمیوں اور ٹیکس بارز نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں مزید توسیع کا مطالبہ کردیا ہے۔
سینئر نائب صدر پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن فراز فضل نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کیلئے تین ماہ کا وقت دینے کا پابند ہے، حتمی فارم 2 ستمبر کو جاری کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کو پندرہ اکتوبر تک جتنے بھی انکم ٹیکس گوشوارے موصول ہوں انکو بالائے طاق رکھتے ہوئے دو دسمبر تک انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی مہلت دینی چاہیے۔