پی ٹی آئی اسمبلیوں سے استعفوں کے بارے میں سوچ رہی ہے، شفیع جان

جس سسٹم کے ساتھ ہم چلنا چا رہے ہیں اس سسٹم میں ہمارے لیے کوئی جگہ نہیں ہے، اس لیے ایک سوچ بن رہی ہے، وزیراطلاعات کے پی


ویب ڈیسک June 04, 2026
فوٹو: فائل

خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) استعفوں کے بارے میں سوچ رہی ہے کیونکہ پارٹی کو سیاسی معاملات پر جگہ نہیں دی جا رہی ہے اور گلگت بلتستان میں پارٹی رہنماؤں کو انتخابی مہم چلانے سے روکا گیا اور گرفتار کیا گیا۔

خیبرپختونخوا کے وزیراطلاعات شفیع جان نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کے بیان کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر کہا کہ ہم اسمبلیوں سے استعفوں کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیرسٹر گوہر کا بیان پی ٹی آئی کے لیے سیاسی فضا محدود کرنے کے حوالے سے تھا، جس طرح گلگت بلتستان میں تمام جماعتیں آزادی کے ساتھ مہم چلا رہی ہیں، بلاول بھٹو اور نواز شریف سمیت سب اپنی انتخابی مہم کی قیادت کر رہے ہیں لیکن پی ٹی آئی رہنماؤں جنید اکبر خان، اسد قیصر اور سلمان اکرم راجا یا پھر شاہد خٹک کو گرفتار کرکے نہیں چھوڑا جا رہا ہے اور ہماری سیاسی جگہ تنگ کی جا رہی ہے اس حوالے سے بیرسٹر گوہر کا بیان تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم استعفوں کے بارے میں سوچ بھی رہے ہیں، ابھی آغاز ہے مگر اس پر تفصیلی ملاقات ہونی ہے، سیاسی کمیٹی بیٹھے گی کیونکہ جس سسٹم کے ساتھ ہم چلنا چا رہے ہیں لیکن اس سسٹم میں ہمارے لیے کوئی جگہ نہیں ہے، تو اسد قیصر نے چند دن قبل جو بات کہی تھی وہی آج بیرسٹر گوہر نے کی ہے، ایک سوچ بن رہی ہے۔

قبل ازیں بیرسٹر گوہر نے گلگت میں انتخابی جلسے سے خطاب میں کہا تھا کہ انتخابی مہم چلانے کی اجازت نہ دینا پری پول دھاندلی ہے، لیڈرز اور اراکین اسمبلی کو روکنا یا صوبہ بدر کرنا نہ صرف خلاف آئین ہے بلکہ جمہوریت کے خلاف سازش ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اگر تحریک انصاف کی آئیسولیشن ختم نہ کی گئی تو فیصلہ کریں گے کہ کیوں نہ ہر اسمبلی کا مکمل بائیکاٹ کریں اور پوے سسٹم سے باہر ہوجائیں، ہمیں یہ سوچنے پر مجبور نہ کریں کہ ہمارا سسٹم میں رہنے کا کیا فائدہ ہے، پھر ہم اسمبلیوں اور سینیٹ سے بھی باہر نکلنے پر مجبور ہوں گے۔