راولپنڈی: اسپتال میں زیر علاج ملزم پولیس کو چکمہ دیکر فرار

فرائض میں غفلت و لاپرواہی برتنے پر پولیس اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج


ویب ڈیسک June 05, 2026

راولپنڈی: بے نظیر بھٹو شہید اسپتال میں زیر علاج ملزم پولیس کو چکمہ دیکر فرار ہوگیا۔

پولیس کے مطابق ملزم منشیات اسمگلنگ کے مقدمے میں ملوث تھا اور اسپتال کے سرجیکل وارڈ نمبر 9 میں زیر علاج تھا۔

ذرائع کے مطابق ملزم کی نگرانی کے لیے اے ایس آئی عمران اور کانسٹیبل قمر علی تعینات تھے تاہم ڈیوٹی کے دوران مبینہ طور پر غفلت کے باعث ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

متن مقدمہ کے مطابق جب افسران نے وارڈ کا جائزہ لیا تو ملزم اور تعینات اہلکار موقع پر موجود نہیں تھے۔

مزید تحقیقات میں سامنے آیا کہ عدنان جمیل اور ایک نامعلوم شخص مبینہ طور پر ملزم کو وارڈ سے ویل چیئر پر باہر لے کر گئے اور گاڑی میں بٹھا کر فرار ہوگئے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم کو ویل چیئر کے ذریعے گاڑی میں منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق واقعے پر متعلقہ اہلکاروں اے ایس آئی عمران خان اور کانسٹیبل قمر علی کے خلاف غفلت برتنے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ عدنان جمیل اور نامعلوم شخص کے خلاف بھی مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔