کراچی:
قومی ادارہ امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) کے اسٹیپ ڈاؤن یونٹ میں گزشتہ 3 روز سے ائیر کنڈیشننگ نظام بند ہونے کے باعث مریضوں کو شدید گرمی اور حبس کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق کیتھ لیب سے منتقل کیے جانے والے نازک مریض بھی اس صورتحال سے متاثر ہو رہے ہیں اور یونٹ میں درجہ حرارت بڑھنے سے انہیں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امراض قلب کے اسٹیپ ڈاؤن یونٹ میں زیر علاج متعدد مریض شدید گرمی کے باعث پریشانی کا شکار ہیں۔ گرمی کے اثرات کم کرنے کے لیے یونٹ میں پیڈسٹل فین نصب کیے گئے ہیں، تاہم ان کے استعمال سے وارڈ میں شور کی سطح میں اضافہ ہو گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ 3 روز سے اے سی نظام کی بندش کے باعث مریضوں میں سانس کی تکلیف اور دیگر طبی پیچیدگیوں کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔ واضح رہے کہ اسٹیپ ڈاؤن یونٹ میں ایسے مریض زیر علاج ہوتے ہیں جنہیں کیتھ لیب سمیت مختلف طبی مراحل سے گزرنے کے بعد خصوصی نگرانی میں رکھا جاتا ہے۔
دوسری جانب این آئی سی وی ڈی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسٹیپ ڈاؤن یونٹ کے چلرز اچانک بند ہو گئے تھے، تاہم اس دوران 3 ائیر کنڈیشنڈ یونٹس کے ذریعے فلو کو ٹھنڈا رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ترجمان کے مطابق چلرز کی مرمت کا کام جاری ہے اور توقع ہے کہ 2 سے 3 روز میں یہ مکمل طور پر فعال ہو جائیں گے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ زیر علاج مریضوں کی حالت بہتر ہے اور انہیں کسی قسم کی غیر معمولی مشکل کا سامنا نہیں ہے۔ ادارہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔