بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان تمیم اقبال کو بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کا نیا صدر منتخب کر لیا گیا۔
کرک انفو کے مطابق اتوار کے روز ڈھاکا میں ہونے والے انتخابات میں تمیم اقبال بلا مقابلہ نئے صدر منتخب ہوئے۔ تمیم اس عہدے کے لیے واحد امیدوار تھے۔ وہ مجموعی طور پر چار سالہ مدت کے لیے بورڈ کی قیادت کریں گے، جبکہ اس سے قبل وہ دو ماہ تک عبوری (ایڈہاک) کمیٹی کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
بنگلہ دیشی حکومت نے اپریل میں سابق صدر امین الالسلام کی سربراہی میں قائم منتخب بورڈ کی تحلیل کے بعد عبوری انتظامیہ کے تحت نئے انتخابات کرانے کا اعلان کیا تھا۔
صدر چُننے کا عمل پورے دن جاری رہا، جس میں روایتی ووٹنگ کے ساتھ ساتھ ای بیلٹنگ کا بھی استعمال کیا گیا۔ ووٹنگ کا انعقاد ڈھاکا میں بورڈ ہیڈکوارٹرز شیر بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں ہوا۔
انتخابات کے نتیجے میں مختلف زمروں سے 23 ڈائریکٹرز منتخب ہوئے، جبکہ بعد ازاں حکومت کی جانب سے دو نمائندوں کا اعلان کیا گیا، یوں 25 رکنی بورڈ تشکیل پایا۔
تمیم اقبال بنگلادیش کی کرکٹ تاریخ کے نمایاں ترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر 391 بین الاقوامی میچز کھیلے اور اپنی جارحانہ بیٹنگ سے عالمی سطح پر شہرت حاصل کی۔
بطور کپتان انہوں نے 38 میچز میں بنگلادیش کی قیادت کی اور 21 فتوحات حاصل کیں، جن میں 2022 میں جنوبی افریقا کے خلاف 1-2 سے تاریخی ون ڈے سیریز فتح بھی شامل ہے۔
2025 کے آغاز میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد تمیم ملکی ٹورنامنٹس میں کھیلتے رہے لیکن اسی سال ڈھاکا پریمیئر لیگ میں ایک میچ کے دوران دل کا دورہ پڑنے کے باعث ان کی کرکٹ کا سفر اچانک اختتام پذیر ہو گیا۔