غیر ملکی اسپانسرز والی کمپنیوں کے لیے لائسنسنگ کا عمل مزید آسان

سکیورٹی کلیئرنس کا عمل وقت طلب ہونے کے باعث سرمایہ کاروں کے لیے ایک بڑی رکاوٹ تھا


ویب ڈیسک June 08, 2026

لائسنسنگ درخواست کے لیے غیر ملکی ڈائریکٹرز کی پیشگی سکیورٹی کلیئرنس کی شرط ختم کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق  چیئرمین ایس ای سی پی کبیر سدھو کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹرز کے حلف نامے کی بنیاد پر لائسنسنگ درخواستوں کی پراسیسنگ شروع کردی جائے گی۔ جبکہ غیر ملکی ڈائریکٹرز کی تقرری بدستور متعلقہ اداروں کی سکیورٹی کلیئرنس سے مشروط رہے گی۔

سکیورٹی کلیئرنس مسترد ہونے کی صورت میں کمپنی کو نیا ڈائریکٹر نامزد کرنا ہوگا۔ نئے اقدام سے لائسنس کے اجراء میں تاخیر کم اور کاروباری سہولت میں اضافہ ہوگا۔ کیپیٹل مارکیٹس، نان بینکنگ فنانس، انشورنس اور دیگر مالیاتی شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔

سکیورٹی کلیئرنس کا عمل وقت طلب ہونے کے باعث سرمایہ کاروں کے لیے ایک بڑی رکاوٹ تھا۔ یہ اقدام سرمایہ کاروں کے لیے سہولت اور مؤثر ریگولیٹری نگرانی کے درمیان توازن قائم کرتا ہے۔

کبیر سدھو نے کہا کہ ملکی قوانین اور سکیورٹی تقاضوں پر مکمل عمل درآمد بھی یقینی بنایا جائے گا۔