معاشرے میں کھانے اور پینے سے متعلق پھیلی عمومی افواہیں، حقیقت کیا ہے؟

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسی بیشتر باتوں کی کوئی مضبوط سائنسی بنیاد موجود نہیں


ویب ڈیسک June 09, 2026
تیزی سے کھانے والے اکثر اپنی ضرورت سے زیادہ کھا جاتے ہیں۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

گرمیوں کے موسم میں کھانے پینے سے متعلق کئی روایتی تصورات زبان زدِ عام رہتے ہیں۔ کبھی کہا جاتا ہے کہ تربوز کھانے کے بعد پانی پینے سے طبیعت خراب ہو جاتی ہے، تو کبھی مچھلی کے ساتھ دودھ پینے کو جلدی بیماریوں کی وجہ قرار دیا جاتا ہے۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسی بیشتر باتوں کی کوئی مضبوط سائنسی بنیاد موجود نہیں۔

ماہرین غذائیت نے خوراک سے متعلق عام غلط فہمیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موسم گرما میں جسم کو صحت مند رکھنے کے لیے سب سے ضروری چیز مناسب مقدار میں پانی کا استعمال ہے، نہ کہ غیر مصدقہ افواہوں پر یقین کرنا۔ ان کے مطابق روزانہ 8 سے 12 گلاس پانی پینے کے ساتھ ساتھ پانی سے بھرپور پھل اور دہی جیسی غذائیں بھی جسم میں پانی اور ضروری منرلز کی کمی پوری کرنے میں مدد دیتی ہیں۔

تربوز کے بعد پانی پینے کی حقیقت

ماہر غذائیت کے مطابق یہ تصور درست نہیں کہ تربوز کھانے کے فوراً بعد پانی پینے سے فوڈ پوائزننگ یا کوئی اور سنگین مسئلہ پیدا ہو جاتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فوڈ پوائزننگ کی اصل وجوہات آلودہ پانی، غیر معیاری خوراک یا ناقص صفائی ہوتی ہیں، نہ کہ تربوز کے ساتھ پانی پینا۔

انہوں نے بتایا کہ تربوز خود بڑی مقدار میں پانی پر مشتمل پھل ہے اور اس میں تقریباً 70 سے 80 فیصد پانی موجود ہوتا ہے، اس لیے اس کے بعد پانی پینے سے صحت پر کوئی منفی اثر مرتب نہیں ہوتا۔

کھیرے کے بعد پانی پینے کا تاثر بھی غلط

ماہر غذائیت کا کہنا تھا کہ کھیرے کے بعد پانی پینے سے بیماری ہونے کا تصور بھی حقیقت پر مبنی نہیں۔ ان کے مطابق اگر استعمال کیا جانے والا پانی صاف نہ ہو تو بیماری لاحق ہو سکتی ہے، لیکن اس کا تعلق کھیرے سے نہیں ہوتا۔

سوڈا اور کولڈ ڈرنکس کے بارے میں ماہرین کیا کہتے ہیں؟

ماہرین کا کہنا ہے کہ کبھی کبھار سوڈا یا کولڈ ڈرنک پینے میں کوئی بڑا مسئلہ نہیں، تاہم اگر انہیں روزمرہ معمول بنا لیا جائے تو اضافی چینی اور کیلوریز جسم کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔

ماہر غذائیت کے مطابق عالمی اداروں کی سفارش ہے کہ ایک بالغ فرد روزانہ تقریباً چھ چمچ چینی تک محدود رہے، جبکہ صرف 250 ملی لیٹر کولڈ ڈرنک یا جوس میں بھی اتنی ہی مقدار موجود ہو سکتی ہے۔

کھانے کے بعد چائے پینے سے کیا ہوتا ہے؟

کھانے کے بعد چائے پینے کے حوالے سے بتایا کہ ایک یا دو کپ چائے عام طور پر نقصان دہ نہیں ہوتے، البتہ ضرورت سے زیادہ چائے کا استعمال جسم میں پانی کی کمی کا باعث بن سکتا ہے۔

مچھلی اور دودھ ایک ساتھ کھانا نقصان دہ ہے؟

برص یا دیگر جلدی بیماریوں کو مچھلی اور دودھ کے امتزاج سے جوڑنے والے عام تاثر کو بھی ماہر غذائیت نے مسترد کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں مچھلی کو دودھ یا دہی سے تیار کی گئی ساسز کے ساتھ شوق سے کھایا جاتا ہے اور اس حوالے سے کوئی سائنسی ثبوت موجود نہیں کہ ایسا کرنے سے جلدی امراض پیدا ہوتے ہیں۔

گرم اور ٹھنڈی چیزیں ایک ساتھ کھانے کا معاملہ

ماہر غذائیت نے مزید وضاحت کی کہ گرم اور ٹھنڈی غذائیں ایک ساتھ استعمال کرنے سے بھی کوئی خاص نقصان نہیں ہوتا، کیونکہ معدے میں پہنچنے کے بعد تمام غذاؤں کا درجہ حرارت تقریباً یکساں ہو جاتا ہے۔

کھانے کے فوراً بعد پانی پینا درست ہے؟

کھانے کے فوراً بعد پانی پینے کے بارے میں بھی ماہر غذائیت نے کہا کہ ایسی کوئی مستند سائنسی تحقیق موجود نہیں جو اس سے منع کرتی ہو۔ ان کے مطابق پانی کھانے سے پہلے، دورانِ کھانا یا بعد میں کسی بھی وقت پیا جا سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق صحت مند زندگی کے لیے غیر مصدقہ افواہوں کے بجائے سائنسی معلومات پر اعتماد کرنا ضروری ہے، جبکہ متوازن غذا، مناسب پانی اور اعتدال ہی اچھی صحت کی بنیاد ہیں۔