پاکستان اور روس کے درمیان 2030 تک اقتصادی تعاون اہم پیش رفت ہے، اویس لغاری

پاکستان اور روس کے درمیان تجارت، توانائی، صنعت، تعلیم اور سائنس سمیت مختلف شعبوں میں تعاون فروغ پا رہا ہے


ویب ڈیسک June 09, 2026

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ عالمی منظرنامے میں پاکستان اور روس کے تعلقات نئی وسعتوں کی جانب گامزن ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اویس لغاری نے بدلتے ہوئے عالمی نظام کے تناظر میں پاکستان اور روس کے دوطرفہ تعلقات کے ویبینار سے خطاب کیا جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان دو دہائیوں پر محیط مثبت پیش رفت نے باہمی اعتماد کو مضبوط کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تجارت، توانائی، صنعت، تعلیم اور سائنس سمیت مختلف شعبوں میں تعاون فروغ پا رہا ہے، پاکستان بین الاقوامی شمال۔جنوب ٹرانسپورٹ کوریڈور میں شمولیت کا خواہاں ہے۔ گوادر بندرگاہ کو بین الاقوامی شمال۔جنوب ٹرانسپورٹ کوریڈور سے جوڑنے کی تجویز خوش آئند ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان 2030 تک اقتصادی تعاون کے پروگرام پر اتفاق اہم پیش رفت ہے، دونوں ممالک ادائیگیوں کے نظام سمیت تجارتی رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے فعال مشاورت کر رہے ہیں۔