ٹک ٹاکر ندیم مبارک عرف ’’ندیم نانی والا‘‘ سے متعلق واقعے کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی ہے، جس کے بعد معاملے کی نوعیت مزید واضح ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔
نئی فوٹیج میں ڈی ایس پی ٹریفک رایا سرکل ہشام لودھی کو انتہائی مہذب انداز میں ٹریفک خلاف ورزی کے حوالے سے وضاحت کرتے اور قانونی کارروائی سے متعلق آگاہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈی ایس پی ہشام لودھی مسلسل ندیم مبارک کو گاڑی تھانے لے جانے کی ہدایت دیتے رہے، تاہم ندیم نانی والا کی جانب سے مبینہ طور پر اس پر عمل کرنے سے انکار کیا جاتا رہا۔ فوٹیج میں ندیم مبارک کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ان کی گاڑی پر نمبر پلیٹ موجود نہیں، اس لیے وہ اسے خود تھانے نہیں لے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق واقعے کی ایک اور اہم پیشرفت میں گاڑی میں نصب ڈیش کیم کی ریکارڈنگ بھی سامنے آ گئی ہے، جس کے بعد پورے معاملے کی مختلف جہتیں واضح ہو رہی ہیں۔ ویڈیو میں ڈی ایس پی ہشام لودھی کو مسلسل نرم لہجے میں ’’ندیم بھائی‘‘ کہہ کر مخاطب کرتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے، جو صورتحال کے دوران ان کے پیشہ ورانہ اور مہذب رویے کی عکاسی کرتی ہے۔
یاد رہے کہ ندیم نانی والا کے خلاف تھانہ ڈیفنس سی میں کارِ سرکار میں مداخلت کے الزام کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا، جو انسپکٹر محمد فہد الرحمن کی مدعیت میں درج ہوا۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد ملزم ندیم مبارک ایک رات حوالات میں بھی رہا۔
ابتدائی طور پر سوشل میڈیا پر پولیس اہلکاروں کے ساتھ بدتمیزی اور مبینہ کرپشن کے الزامات بھی زیرِ بحث رہے، تاہم سامنے آنے والی نئی ویڈیوز اور شواہد کے بعد نہ تو بدتمیزی اور نہ ہی کرپشن کے الزامات ثابت ہو سکے ہیں۔ حکام کے مطابق تمام ویڈیو مواد کو باقاعدہ تفتیش کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور تمام شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔