وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کشمور پولیس کی بڑی کامیابی پر ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب، ایس ایس پی کشمور محمد مراد گھانگھرو اور پوری پولیس ٹیم کو شاباش دی ہے۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ بدنام زمانہ ڈاکو ملگزار عرف ملھو بھلکانی کی ہلاکت کشمور پولیس کی ایک اہم کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمور پولیس نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی۔
ایس ایس پی کشمور کی بریفنگ کے مطابق ملھو بھلکانی معصوم بچے مزمل، گل حسن پھنور، شہید پولیس اہلکار محمود لاشاری سمیت 70 مقدمات میں مطلوب تھا۔
ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ اغوا برائے تاوان، قتل، ڈکیتی اور پولیس پر حملوں میں ملوث خطرناک مجرموں کا انجام عبرتناک ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن مزید تیز کیا جائے۔
وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ اور صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔