آم کھانے کے بعد 17 سالہ لڑکی کی موت، پراسرار واقعے نے سوالات کھڑے کردیے

ان دنوں پھلوں کو زہریلے کیمیکلز میں بھی رکھا جاتا ہے، پولیس ہر معاملے پر غور کررہی ہے


ویب ڈیسک June 09, 2026

حیدرآباد دکن میں ایک افسوسناک اور حیران کن واقعہ پیش آیا ہے جہاں آم کھانے کے بعد 17 سالہ لڑکی اچانک طبیعت بگڑنے کے باعث جان کی بازی ہار گئی، جب کہ اس کے دیگر اہلخانہ اسپتال میں زیر علاج رہے اور بعد ازاں ان کی حالت بہتر بتائی گئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب متوفیہ بھونیشوری اور اس کے اہلخانہ نے وہ آم کھائے جو رشتہ دار رینوکا نارائن کے ذریعے قریب سے خرید کر گھر لائے گئے تھے۔ آم کھانے کے کچھ ہی دیر بعد اندومتی اور اس کی چار بیٹیوں کی طبیعت خراب ہونا شروع ہوئی اور انہیں مسلسل الٹیاں اور دست کی شکایت لاحق ہو گئی۔

تمام متاثرہ افراد کو فوری طور پر کاچی گوڑہ کے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے علاج شروع کیا۔ تاہم 17 سالہ بھونیشوری دورانِ علاج جانبر نہ ہو سکی اور دم توڑ گئی، جب کہ باقی اہلخانہ کی حالت بعد میں بہتر ہو گئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس بھی اسپتال پہنچ گئی اور ابتدائی کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ افراد کے بیانات قلمبند کیے۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ یہ واضح کیا جا سکے کہ یہ ایک حادثہ تھا یا اس کے پیچھے کسی ممکنہ مجرمانہ پہلو کا امکان موجود ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بھارت میں کھانے پینے کی اشیاء کے بعد پراسرار بیماریوں اور ہلاکتوں کے چند واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں تربوز اور بریانی کھانے کے بعد ایک خاندان کی ہلاکت کا واقعہ بھی شامل ہے۔