کراچی:
شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں گھر سے پھندا لگی حالت میں ملنے والی نوجوان کی لاش کے معاملے نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے جہاں پولیس نے واقعے کو خودکشی کے بجائے قتل قرار دیتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
مومن آباد پولیس کے مطابق مقتول کے والد کی مدعیت میں درج ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان کے بیٹے حمزہ کو اس کی اہلیہ نے مبینہ طور پر قتل کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش اور شواہد کی بنیاد پر مقدمے کو قتل کی دفعہ کے تحت درج کیا گیا ہے۔
ایس ایچ او مومن آباد کے مطابق کارروائی کے دوران نامزد ملزمہ کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اصل محرکات اور حالات سامنے آ سکیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتول حمزہ نے تقریباً دو ماہ قبل ایک طلاق یافتہ خاتون جو پولیس اہلکار بھی ہیں سے شادی کی تھی۔
واقعے کے بعد علاقے میں مختلف چہ مگوئیاں جاری ہیں تاہم حکام کا کہنا ہے کہ حتمی نتیجہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گا۔
پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر کے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں جبکہ واقعے کے ہر پہلو کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔