بھارت کے شہر میرٹھ کے علاقے سردھنا میں ایک افسوسناک واقعے کے دوران سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر کی گئی ایک پوسٹ نے ایک نوجوان کی جان بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نوجوان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اسے ایک سفید رنگ کا محلول پیتے ہوئے دیکھا گیا، جبکہ اس کے ساتھ لکھا گیا تھا ’اب تم خوش رہنا اپنی زندگی میں۔‘
پوسٹ کے بعد میٹا (فیس بک اور انسٹاگرام کی کمپنی) نے خودکار نظام کے ذریعے فوری طور پر بھارت کے پولیس ہیڈکوارٹر کے سوشل میڈیا سینٹر کو خودکشی کے خدشے سے متعلق الرٹ بھیج دیا۔ یہ الرٹ شام 6:53 بجے موصول ہوا۔
پولیس حکام کے مطابق ڈی جی پی کی ہدایت پر سوشل میڈیا سینٹر نے فوری طور پر دستیاب معلومات کی بنیاد پر نوجوان کی لوکیشن اور موبائل نمبر کا سراغ لگایا اور میرٹھ پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس ٹیم فوری طور پر نوجوان کے گھر پہنچی جہاں وہ تشویشناک حالت میں پایا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ موقع پر نوجوان کے پاس سفید محلول کی بوتل بھی موجود تھی۔ اہلخانہ کی مدد سے اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں بروقت طبی امداد کے باعث اس کی جان بچا لی گئی۔
ابتدائی تفتیش میں نوجوان نے بتایا کہ وہ ایک تعلق ختم ہونے کے بعد شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھا جس کی وجہ سے اس نے خودکشی کی کوشش کی۔
پولیس حکام کے مطابق 2022 سے میٹا کے ساتھ ایک کوآرڈینیشن سسٹم موجود ہے جس کے تحت فیس بک اور انسٹاگرام پر خودکشی سے متعلق مشکوک پوسٹس پر فوری الرٹس پولیس کو بھیجے جاتے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ یکم جنوری 2023 سے 31 مئی 2026 تک ایسے الرٹس کی مدد سے 3 ہزار سے زائد افراد کی جانیں بچائی جا چکی ہیں۔