ایران کے جوابی حملوں کا خوف، اسرائیل اور بحرین میں سائرن بج گئے، شہریوں میں شدید خوف و ہراس

ممکنہ خطرات کے پیش نظر دفاعی نظام کو ہائی الرٹ کر دیا ہے


ویب ڈیسک June 11, 2026

ایران کی جانب سے ممکنہ جوابی کارروائیوں کے خدشات کے بعد خطے میں سیکیورٹی صورتحال انتہائی کشیدہ ہو گئی ہے جبکہ اسرائیل اور بحرین میں سائرن بجنے کی اطلاعات نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔

اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کے قریب ترین سرحدی اور حساس علاقوں میں سائرن بجائے گئے جس کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد حفاظتی زیر زمین شیلٹرز کی جانب منتقل ہو گئی۔

حکام نے ممکنہ خطرات کے پیش نظر دفاعی نظام کو ہائی الرٹ کر دیا ہے اور فضائی نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب بحرین میں جمعرات کی صبح اچانک سائرن بجنے کے بعد منامہ سمیت مختلف علاقوں میں شہریوں میں اضطراب کی کیفیت دیکھی گئی۔

بحرینی وزارتِ داخلہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر بیان جاری کرتے ہوئے شہریوں کو پرسکون رہنے اور فوری طور پر قریبی محفوظ مقامات کی طرف جانے کی ہدایت کی۔

وزارت کے مطابق سیکیورٹی ادارے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی ہنگامی خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

ادھر کویت میں گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران کسی ایئر ریڈ سائرن کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔