فیڈرل بورڈ آف ریونیو( ایف بی آر) کے چیئرمین راشد محمود لنگڑیال نے کہا ہے کہ رواں مالی سال 26-2025 کے دوران ٹیکس وصولیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور ملک میں ایکسچینج ریٹ بہتر ہو تو سیلز ٹیکس کم ہو سکتا ہے۔
قومی اقتصادی سروے کے اجرا کے موقع پر ایک سوال کے جواب میں چیئرمین ایف بی آرراشد محمود لنگڑیال نے بتایا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے پرانی پراپرٹیز کی تفصیلات فراہم کی ہیں۔
چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ ہم نے گروتھ اور ڈالر ایکسچینج ریٹ کا تخمینہ لگایا ہے، ایکسچینج ریٹ بہتر ہو تو سیلزٹیکس کم ہو سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اگر ڈالر میں دیکھا جائے تو فیڈرل بورڈا ٓف ریونیو نے جون 2024 میں 32.6 ارب ڈالر ریونیو جمع کیا تھا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جون 2025 تک ریونیو 41.9 بلین ڈالر تھا جبکہ رواں سال جون تک ریونیو 46.4 بلین ڈالر سے تجاوز متوقع ہے۔
راشد محمود لنگڑیال نے کہا کہ ایف بی آر سے سفارش کلچر کے خاتمے پر وزیراعظم اورقیادت کو سراہتے ہیں، ہم نے ایف بی آر سے سفارشی کلچر کا خاتمہ کر دیا اورمثبت پہلووٴں کی طرف توجہ دینا ہوگی۔