دُنیائے اسپورٹس کے حکمران فٹ بال کے ورلڈ کپ کی شاندار، رنگارنگ اور یادگار افتتاحی تقریب

مختلف بین الاقوامی فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور تقریب کو مزید یادگار بنا دیا


ویب ڈیسک June 12, 2026

MEXICO CITY:

دنیا کے سب سے مقبول کھیل فٹبال کے سب سے بڑے ایونٹ فیفا ورلڈ کپ 2026 کا باقاعدہ آغاز میکسیکو میں ایک شاندار اور دلکش تقریب کے ساتھ ہو گیا جہاں موسیقی، ثقافت اور کھیل کا حسین امتزاج دیکھنے کو ملا۔

افتتاحی تقریب میں ہزاروں شائقین نے اسٹیڈیم میں موجود رہ کر اور کروڑوں افراد نے دنیا بھر میں براہ راست نشریات کے ذریعے اس یادگار لمحے کا مشاہدہ کیا۔

تقریب کا سب سے نمایاں حصہ عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ شکیرا اور نائجیرین سپر اسٹار برنا بوائے کی پرفارمنس رہی جنہوں نے ورلڈ کپ کے آفیشل گیت پر پرفارم کرکے ماحول کو گرما دیا۔

شکیرا کی اسٹیج پر آمد سے قبل میکسیکو کی روایتی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے رنگا رنگ رقص اور ثقافتی مظاہرے پیش کیے گئے جنہیں حاضرین نے بھرپور داد دی۔

بعد ازاں مختلف بین الاقوامی فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور تقریب کو مزید یادگار بنا دیا۔

میکسیکو کے معروف راک بینڈ مانا نے بھی اپنی پرفارمنس سے تقریب کو چار چاند لگائے جبکہ وینیزویلا کے گلوکار ڈینی اوشین اور کولمبیا کے معروف آرٹسٹ جے بیلوین نے بھی حاضرین کو خوب محظوظ کیا۔

تقریب کے اختتامی لمحات میں اسٹیڈیا آزٹیکا روشنیوں اور رنگوں کے حسین امتزاج سے جگمگا اٹھا جس نے شائقین کو مسحور کر دیا۔ مختصر مگر بھرپور افتتاحی شو کے اختتام کے ساتھ ہی فٹبال کے عالمی میلے کا باضابطہ آغاز ہو گیا۔

ورلڈ کپ کے افتتاحی مقابلے میں میزبان میکسیکو کا سامنا جنوبی افریقا سے ہے جبکہ مشترکہ میزبان ممالک امریکا اور کینیڈا میں بھی اپنے اپنے پہلے میچز سے قبل خصوصی افتتاحی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔