کراچی: سرجانی میں ایک اور مصباح شوہر کے ہاتھوں قتل

لڑکی اپنے والدین کے گھر موجود تھی، ملزم دروازہ توڑ کر اندر گھسا اور فائرنگ کردی


ویب ڈیسک June 12, 2026

کراچی: سرجانی ٹاؤن میں ایک اور مصباح شوہر کے ہاتھوں قتل کردی گئی۔

پولیس کے مطابق واقعہ کرسچن قبرستان کے قریب سرجانی ٹاؤن سیکٹر 51 میں پیش آیا، جہاں فائرنگ کے نتیجے میں 22 سالہ مصباح موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ پولیس نے لاش کو قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق واقعے میں مقتولہ کا شوہر سلمان ملوث ہے جس نے مبینہ طور پر گھریلو ناچاقی پر فائرنگ کی، واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تفتیش شروع کردی۔

واقعہ سرجانی ٹاؤن سیکٹرالیون ڈی گھر میں پیش آیا، مقتولہ مصباح اپنے میکے میں موجود تھی جہاں ملزم شوہر اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ گھرکا دروازہ توڑکراندر داخل ہوا اورگھر میں موجود افراد کواسلحے کے زور پر یرغمال بنانے کے بعد فائرنگ کرکے 22 سالہ مصباح کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے، مقتولہ کے گھروالوں نے الزام عائد کا کہ داماد کا تعلق کچے کے ڈاکوؤں سے ہے۔

عباسی شہید اسپتال میں مقتولہ مصباح کے بھائی اعجازنے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ مصباح 6 بہن بھائیوں میں تیسرے نمبرپرتھی اورپانچ سال قبل مصباح کی شادی سلمان سے ہوئی تھی، مصباح کی کوئی اولاد نہیں تھی۔

مقتولہ کے بھائی نے بتایا کہ شادی کے 2 سال بعد ہی سلمان نے بہن سے مارپیٹ شروع کردی، چند روزقبل سلمان گھرآکرہمیں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیکر گیا تھا، مقتولہ کے بھائی نے بتایا کہ صبح گھر میں سو رہے تھے اور والد کام پر چلے گئے تھے اسی دوران ملزم سلمان اپنے چار ساتھیوں کے ساتھ آیا اوردھکا دیکر گھر کا دروازہ کھول دیا اوراندر داخل ہو گئے ایک کمرے میں لکڑی کا دروازہ لگا ہوا تھا وہ انہوں نے توڑ دیا بہن اندر موجود تھی بہن نے بھاگ کرجان بچانے کی کوشش کی اس دوران سلمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجےمیں بہن مصباح جاں بحق ہوگئی۔

ملزمان نے ہم پراسلحہ تانا ہواتھا ہم کچھ نہیں کرسکے اور ملزمان موقع پرسے فرارہوگئے، انہوں نے بتایا کہ سلمان ہمارا کزن اور دور کا رشتہ دار ہے، مقتولہ کے بھائی نے مطالبہ کیا ملزم سلمان اور اس کے ساتھیوں کو فل الفور گرفتار کیا جائے اورکڑی سے کڑی سزا دی جائے۔

مقتولہ کے والد ابوبکر نے بتایا کہ سلمان کا آبائی تعلق رحیم یارخان سے ہے، داماد بیٹی پر بہت تشدد کرتا تھا، داماد کچے کے ڈاکوؤں سے بھی ملا ہوا تھا، ہم نے کہا کچے کے ڈاکوؤں کو چھوڑ یا میری بیٹی کو چھوڑ دو جس پر داماد نے بیٹی کو طلاق دیکرگھر بھیج دیا تھا، ہم یہ کہہ رہے تھے تحریری طور پر طلاق دو اور وہ تحریری طلاق دینے سے انکاری تھا اور بعد میں طلاق دینے سے ہی مکر گیا۔

انہوں نے بتایا کہ رات مجھے کسی شخص نے پلمبر کا کام کروانے کے بہانے گلشن اقبال ڈسکو بیکری بلوایا، مجھے شبہ ہوا کہ رات 12 بجے کون فون کر رہا ہے، میں صبح ڈسکو بیکری پہنچا تو میرے پیچھے یہ واقعہ پیش آگیا، ملزم نے مجھے گھر سے باہر نکلوایا اور پیچھے واردات کردی، ہمارا مطالبہ ہے ملزم سلمان اور اس کے ساتھیوں کو سخت سے سخت سزادی جائے ورنہ ہم خود اس سے بدلہ لیں گے۔

یاد رہے کہ کچھ روز قبل سرجانی ٹاؤن میں ہی شوہر کے بہیمانہ تشدد سے 18 سالہ مصباح دم توڑ گئی تھی، واقعے کا مقدمہ سرجانی ٹاؤن پولیس نے والدہ کی مدعیت میں قتل کی دفعہ کے تحت درج کیا تھا۔