کراچی: گلشن اقبال میں شہری کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک

ملزم کی شناخت 32 سالہ اشرف کے نام سے کی گئی جس کا کرمنل ریکارڈ بھی موجود ہے


اسٹاف رپورٹر June 13, 2026

گلشن اقبال المصطفیٰ اسپتال کے عقب میں لوٹ مار کی واردات کر کے فرار ہونے والے ایک ڈاکو کو شہری نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔

عزیز بھٹی کے علاقے گلشن اقبال بلاک تیرہ سی المصطفیٰ اسپتال کے عقب میں شہری کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا، ہلاک ہونے والے ڈاکو کی لاش قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔

ایس ایچ او عزیزبھٹی انسپکٹر انصر بٹ نے بتایا کہ کسٹم کلئینرنگ ایجنٹ شاہد حسین کام پر جانے کے لیے اپنی گاڑی میں گھر سے نکلے تھے کہ گھات لگائے موٹرسائیکل سوار ڈاکوؤں نے ان سے لوٹ مار کی اور فرار ہونے لگے۔

اسی اثنا میں شاہد حسین نے پستول نکال کر ڈاکوؤں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو مارا گیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

ہلاک ڈاکو سے ایک پستول بمع گولیاں، موبائل فون اور کیش رقم برآمد ہوئی، ہلاک ڈاکو کی شناخت 32 سالہ اشرف کے نام سے کی گئی جس کا کرمنل ریکارڈ بھی موجود ہے۔

اشرف کے رہائشی ایڈریس دو آئے ہیں ایک گلستان جوہر حسین ہزار گوٹھ اور دوسرا سچل صفورا گوٹھ کا ہے، ڈاکو کو مارنے میں استعمال کیا جانے والا پستول اور اس کا لائسنس کلیئرنگ ایجنٹ شاہد حیسن کے اپنے نام پر ہے۔