کراچی: پاپوشنگر میں گھر سے خاتون کی لاش برآمد، واقعے میں پراسراریت کا انکشاف

خاتون کی شناخت 19 سالہ نازیہ زوجہ فرمان کے نام سے کی گئی جس کی چند ماہ قبل شادی ہوئی تھی


اسٹاف رپورٹر September 23, 2026

کراچی:

پاپوشنگر چاندنی چوک کچی آبادی میں گھر سے خاتون کی لاش ملی جو پراسرار طور پر جاں بحق ہوگئی، متوفیہ کی لاش عباسی شہید اسپتال لیجائی گئی۔

اس حوالے سے ایس ایچ او پاپوشنگر شوکت نے بتایا کہ خاتون کی شناخت 19 سالہ نازیہ زوجہ فرمان کے نام سے کی گئی جس کی چند ماہ قبل شادی ہوئی تھی جبکہ فوری طور پر وجہ ہلاکت کا تعین نہیں ہوسکا تاہم پوسٹ مارٹم کرایا جارہا ہے جس کی رپورٹ آنے کے بعد صورتحال واضح ہوجائیگی۔

 انھوں نے بتایا کہ واقعے میں کچھ پراسراریت ہے جبکہ متوفیہ کے شوہر فرمان نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ دوپہر ڈھائی تین بجے کے قریب اہلیہ کا فون آیا تھا کہ اس کی طبعیت خراب ہے اور جب وہ آدھے گھنٹے کے بعد گھر پہنچا تو اس کی اہلیہ کا انتقال ہوگیا تھا۔

 متوفیہ نازیہ مذکورہ گھر میں اپنی والدہ اور شوہر کے ہمراہ رہائش پذیر تھی جبکہ متوفیہ کی والدہ اور ماموں بھی اسپتال پہنچ گئے ہیں اور اس حوالے سے مزید تحقیقات کا عمل جاری ہے۔