فلم ’کالا ہرن‘کو بڑا جھٹکا، سینئر اداکار نے دھوکے کا الزام لگا کر پروجیکٹ چھوڑ دیا

اداکار گووند نامدیو نے فلم سازوں پر کہانی سے متعلق غلط بیانی کے الزامات عائد کیے ہیں


ویب ڈیسک June 15, 2026

سلمان خان کے مشہور کالا ہرن شکار کیس سے منسوب فلم ’کالا ہرن‘ کو ریلیز سے قبل ہی ایک بڑا دھچکا لگ گیا ہے۔ فلم کی کاسٹ میں شامل سینئر بھارتی اداکار گووند نامدیو نے منصوبے سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے فلم سازوں پر گمراہ کرنے کے الزامات عائد کر دیے ہیں۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو میں گووند نامدیو کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے اس پروجیکٹ کا حصہ بننے پر رضامندی ظاہر کی تو انہیں ایک مختلف کہانی سنائی گئی تھی۔ ان کے مطابق ابتدا میں بتایا گیا تھا کہ وہ ’سنبل‘ نامی فلم میں کام کر رہے ہیں، تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ فلم کا نام ’کالا ہرن‘ رکھا گیا ہے اور اس کا تعلق سلمان خان کے مشہور کیس سے ہے۔

اداکار نے دعویٰ کیا کہ انہیں یقین دلایا گیا تھا کہ فلم میں صرف عدالتی کارروائی اور ریکارڈ پر موجود حقائق پیش کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں بتایا گیا تھا کہ کہانی میں کوئی اضافی مواد یا تخیلاتی پہلو شامل نہیں کیا جا رہا، اسی لیے انہوں نے اس منصوبے پر کام کرنے کے لیے آمادگی ظاہر کی تھی۔

گووند نامدیو نے واضح کیا کہ اگر انہیں پہلے سے معلوم ہوتا کہ فلم کو سلمان خان کے خلاف یا ان کی شخصیت کو ہدف بنانے کے انداز میں پیش کیا جا رہا ہے تو وہ کبھی اس پروجیکٹ کا حصہ نہ بنتے۔ ان کے بقول سلمان خان ان کے قریبی دوست ہیں اور وہ ایسی کسی کوشش کا حصہ بننے کا تصور بھی نہیں کر سکتے جو اداکار کو متنازع انداز میں پیش کرے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کا نام کسی صورت بشنوئی گینگ یا اس نوعیت کے تنازعات سے جوڑنا درست نہیں ہوگا اور وہ ایسی کسی سرگرمی سے خود کو دور رکھتے ہیں۔

یہ تنازع اس وقت مزید شدت اختیار کر گیا جب سلمان خان کی قانونی ٹیم نے ’کالا ہرن‘ کے پروڈیوسرز کو قانونی نوٹس جاری کیا۔ نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ فلم کالا ہرن شکار کیس کے پس منظر میں بنائی جا رہی ہے اور اس میں سلمان خان کی شناخت اور شخصیت کو غیر مناسب انداز میں استعمال کیا جا رہا ہے۔

گووند نامدیو کی علیحدگی کے بعد فلم کے مستقبل اور اس کی تیاری سے متعلق کئی سوالات جنم لے چکے ہیں، جبکہ بالی ووڈ حلقوں میں بھی اس معاملے پر بحث جاری ہے۔