پاکستان میں دہشت گردی بیرونی ہاتھ کرا رہا ہے ایرانی قونصل جنرل

ایران اور پاکستان 2 دوست اور ہمسائے ممالک ہیں جن کی ہزاروں کلو میٹر سرحدیں آپس میں ملی ہوئی ہیں


Numainda Express August 22, 2014
پاک ایران گیس منصوبے کا معاہدہ سابق حکومت کے ساتھ ہوا تھا جس کے تحت تہران نے اپنی طرف کی پائپ لائن کو تقریباً مکمل کر لیا ہے، حسن درویش ون فوٹو:فائل

پشاور میں متعین ایرانی قونصلر جنرل حسن درویش وند نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران 2 دوست اور ہمسائے ممالک ہیں، ان کی ہزاروں کلو میٹر سرحد آپس میں ملی ہوئی ہیں جبکہ ان کی تاریخ، ثقافت، دین، سیاست اور دشمن ایک ہے، دونوں کے درمیان بہتر تعلقات ہی فائدہ مند ہیں۔

اس سلسلے میں انھوں نے پشاور میں اپنے ساڑھے 3 سال قیام کے دوران اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو بہتر بنانے کیلیے بھر پور کوششیں کی ہیں، جس میں خیبر پختونخوا کے عوام اور خصوصاً صحافیوں نے ان کا بھر پور ساتھ دیا ہے، جس پر وہ ان کے شکرگزار ہیں۔ وہ جمعرات کو پشاور پریس کلب کے گیسٹ آور پروگرام میں اظہار خیال کر رہے تھے۔

ایرانی قونصلر جنرل حسن درویش وند کا کہنا تھا کہ پاکستان اور خصوصاً خیبر پختونخوا کی دہشت گردی میں بیرونی ہاتھ شامل ہے، ان بیرونی قوتوں نے پاکستان اور خصوصاً خیبر پختونخوا میں ہزاروں بے گناہ عوام کا قتل عام کیا، مگر یہاں کے عوام بہادر اور نڈر ہیں اور انھوں نے ہزاروں جانوں کی قربانیاں دے کر ان سازشی عناصر کو ناکام بنایا۔

پاک ایران گیس منصوبے کے حوالے سے حسن درویش وند کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کا معاہدہ گزشتہ حکومت کے ساتھ ہوا تھا، جس کے تحت ایران نے ا پنی طرف کے پائپ لائن کو تقریباً مکمل کیا ہے اور پاکستانی حدود میں بچھائے جانے والے پائپ لائن کو تاحال نہیں بچھایا گیا ہے، لیکن ایرانی حکومت پر امید ہے کہ پاکستانی حکومت یہ منصوبہ معاہدے کے تحت پایہ تکمیل تک پہنچائے گی اور اس سے دونوں ممالک کے عوام مستفید ہوں گے۔

اسلام آباد دھرنوں کے حوالے سے حسن درویش وند کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے اور ایران اس میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کرنا چاہتا، بلکہ ایران پاکستان میں امن و امان اور پاکستانی قوم کی خوشحالی کیلیے دعا گو ہے۔

مقبول خبریں