ایشین ڈبل اسکواش چیمپین شپ: پاکستان کی دونوں ٹیموں نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی

گروپ میں ناقابل شکست رہنے والی پاکستان ٹیم ون نے اپنے پہلے میچ میں جاپان اور دوسرے مقابلے میں سنگاپور کو ہرایا تھا


زبیر نذیر خان June 19, 2026

پاکستان کی دونوں ٹیموں نے تیسری ایشین ڈبل اسکواش چیمپین شپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق ملائشیا کے شہر سرا واک میں جاری تیسری ایشن ڈبل اسکواش چیمپین شپ کے پول بی میں عالمی انڈر 23 چیمپئن نور زمان اور سابق قومی چیمپئن ناصر اقبال پر مشتمل پاکستان ٹیم ون نے بھارت کو بآسانی 0-2  سے ہرا دیا۔

راہول اور سورج کمار چاند پر مشتمل بھارتی ٹیم محض 24 منٹ ہی مزاحمت کر سکی۔

گروپ میں ناقابل شکست رہنے والی پاکستان ٹیم ون نے اپنے پہلے میچ میں جاپان اور دوسرے مقابلے میں  سنگاپور کو ہرایا تھا۔

دوسری جانب سابق عالمی جونیئر چیمپئن محمد حمزہ خان اور انٹرنیشنل کھلاڑی محمد عاصم خان پر مشتمل پاکستان ٹیم ٹو نے پول ڈی کے تیسرے میچ میں ہانگ کانگ کو 26 منٹ کی جدوجہد کے بعد 0-2 سے زیر کرلیا۔

پاکستان ٹو ٹیم پہلے میچ میں چائنیز تائپے کو ہرانے کے بعد دوسرے میچ میں سنگاپور سے ناکام رہی تھی۔

پاکستان اسکواش فیڈریشن کے اعزازی سیکریٹری ایئر کموڈور ریٹائرڈ عامر نواز، ٹیم مینیجر اور سابق عالمی کھلاڑی فہیم گل کوچ کی ذمہ داری ادا کر رہے ہیں۔