وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں معاشی صورت حال میں بہتری اور تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام کو منتقل کر رہے ہیں، جس کے تحت پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 74 روپے کمی کر رہے ہیں۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی ثالثی کی بدولت خطے و عالمی امن کے قیام کے بعد تیل کی قیمتوں کے حوالے سے اہم بیان جاری کیا اور کہا ہے کہ خطے میں معاشی صورت حال میں بہتری آنے اور تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام کی جانب منتقل کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو وعدہ قوم سے کیا تھا، الحمدللہ وہ پورا کرنے جا رہے ہیں اور یٹرول کی قیمت میں 74 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے کمی کی جارہی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 373 روپے 78 پیسے سے کم ہو کر 299 روپے 78 پیسے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 378 روپے 78 پیسے سے کم ہو کر 311 روپے 78 پیسے پر آجائے گی۔
عوام نے مشکل صورتحال میں حکومت کا ساتھ دیا جس پرمشکور ہیں، وزیراعظم
وزیراعظم نے کہا کہ عوام کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے اور آپ نے مشکل صورت حال میں صبر و تحمل کا بے مثال مظاہرہ کیا، ان مشکل حالات میں حکومت کا ساتھ دینے پر ہم عوام کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس بحران کے آغاز سے ہی ہم نے اپنے وسائل سے تیل کی قیمتوں میں جس قدر ہو سکا کمی لانے کی کوشش کی، وفاقی حکومت نے ترقیاتی بجٹ سے اور کفایت شعاری سے کی گئی بچت کے ذریعے 129 ارب استعمال کرکے، ملک بھر کے عوام کو تیل کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے سے ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ خطے کی معاشی صورت حال کے دوران جب کچھ ممالک میں فیول راشننگ جیسے اقدامات لیے جا رہے تھے، حکومت پاکستان کی بہتر منصوبہ بندی کی بدولت توانائی کا بحران نہیں آیا، مؤثر اقدامات کی بدولت نہ کوئی لائن لگی، نہ لمبی قطاریں لگیں اور نہ ہی عوام کو کسی قسم کی پیٹرولیم مصنوعات کی کمی کا سامنا کرنا پڑا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت کو مستحکم رکھنے کے لیے وفاق اور صوبوں نے مکمل تعاون کیا جس کے لیے میں صوبائی وزرائے اعلی کا شکر گزار ہوں، جس قدر ممکن ہوا عوام کو عالمی مہنگائی کی لہر سے محفوظ رکھنے کے لیے اقدامات کیےاورعالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں جو کمی آئے گی وہ من و عن عوام کو منتقل کررہے ہیں۔
معاشی استحکام اور مہنگائی میں کمی کیلئے مؤثر اقدامات جاری رکھیں گے، وزیراعظم
حکومتی اقدامات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام برقرار رکھنے اور مہنگائی میں مزید کمی کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھیں گے، بحران کے پورے عرصے میں نہ صرف حکومتی سطح پر کفایت شعاری کو اپنایا گیا بلکہ ریلیف کی مد میں محروم طبقات کو سبسڈی بھی فراہم کی گئی، عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کے فضل سے مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورت حال میں پاکستان کی ثالثی کی بدولت امن ممکن ہوا، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عزت بخشی اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے، جو ایک تاریخی دستاویز ہے، اللہ تعالیٰ نے یہ عزت و اکرام اپنی کمال مہربانی سے تمام پاکستانیوں کو عطا فرمائی۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں تقریرکے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کرنے کا اعلان کیا تھا۔